بنگلادیش سے شکست پر روہت شرما نے کیا کہا؟

December 05, 2022

فائل فوٹو

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ ہمیں سیکھنا ہو گا کہ ہمیں اسپنرز کے خلاف کیسے بیٹنگ کرنی چاہیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق میچ پوسٹ پریس کانفرنس کے دوران روہت شرما نے کہا کہ پچ تھوڑی چیلنجنگ تھی، گیند بہت زیادہ ٹرن کر رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ اس کنڈیشن میں کس طرح کھیلنا ہے۔

روہت شرما کا کہنا ہے کہ ہم ایسے حالات کے عادی ہیں، ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ان حالات میں اسپنرز کے خلاف کیسے بیٹنگ کی جائے۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ ہم نے اچھا ٹارگٹ سیٹ نہیں کیا تھا تاہم بولرز نے اچھی گیند بازی کی اور میچ کو اتنا قریب لے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بنگلادیش نے بھارت کو 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔

میرپور میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم 41 اعشاریہ 2 اوورز میں 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، بنگلادیش نے ہدف 46 ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔

میزبان ٹیم کے 136 کے اسکور پر 9 کھلاڑی پویلین لوٹ گئےتھے،اسے وقت میں جیت بنگال ٹائیگر کا مقدر بن گئی، ہوا کچھ یوں کہ مہدی حسن کا ساتھ دینے کے لیے تجربہ کار بولر مستفیض الرحمٰن آگئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے آخری 40 گیندوں پر بھارتی بولنگ کی خوب مزاحمت کی اور 50 رنز بٹورے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا ۔