نیب نے KP کے سرکاری ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے متعلق تحقیقات مکمل کرلیں

December 05, 2022

فائل فوٹو

قومی احتساب بیورو (نیب) نے خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے متعلق تحقیقات مکمل کرلیں۔

ذرائع کے مطابق نیب کا انتظامیہ کو ہیلی کاپٹرز کا استعمال کرنے والوں سے رقم وصولی کے لیے خط ارسال کیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق نیب کا انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں کہنا ہے 2008 سے اب تک ہیلی کاپٹرز میں تقریباً 2 ہزار افراد نے سفر کیا، ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے والوں سے 9 کروڑ روپے کی ریکوری کی جائے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق و موجودہ اراکین صوبائی و قومی اسمبلی، سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں نے بھی ہیلی کاپٹرز میں سفر کیا جس میں عمران خان، چیف سیکریٹریز، سیکریٹریز اور دیگر سرکاری ملازمین شامل ہیں۔

دوسری جانبوزیر محنت خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے جیونیوز سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ہیلی کاپٹرز سے متعلق ترمیمی بل کی منظوری صوبائی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہترمیمی مسودے کے مطابق 2008ء سے اب تک سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال قانونی اور درست تصور ہوگا، سرکاری ہیلی کاپٹرز سرکاری کاموں کے لیے استعمال ہوئے ہیں، ماضی میں یا اب کسی بھی وزیر یا افسر نے ہیلی کاپٹرز ذاتی کاموں کے لیے استعمال نہیں کیا۔

شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ نیب خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹرز کے پیچھے پڑا ہوا ہے، نیب شریف فیملی اور زرداری خاندان کی کرپشن کے خلاف کچھ نہیں کر رہا ہے۔

شوکت یوسفزئی نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹرز سے متعلق قانون میں ترامیم عوام کی بہتری کے لیے کر رہے ہیں۔