پاکستان اور انگلش کرکٹر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں تقریب

December 05, 2022

وزیراعظم شہباز شریف نے انگلش ٹیم پہلے ٹیسٹ میں کامیابی پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان دوسرا ٹیسٹ میچ جیتے گا۔

پرائم منسٹر ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا۔

تقریب میں وفاقی وزراء، سفارت کار، چیئرمین پی سی بی سمیت کرکٹرز نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کر کے اچھا لگا، کرکٹ ایک مشترکہ جذبہ ہے جو دونوں ممالک کو قریبی رشتے میں باندھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے پاکستانی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں کم بیک کرے گی اور میچ جیتے گی۔

انہوں نے کہا کہ بڑی قربانیوں کے بعد پاکستان میں امن قائم ہوا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فورسز اور عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور انگلینڈکے درمیان کرکٹ مشترک ہے، 17 سال بعد انگلش ٹیم نے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلی۔

اپنے خطاب میں اُنہوں نے پنڈی ٹیسٹ کی کامیابی پر انگلش ٹیم کو مبارک باد دی اور انگلش کپتان بین اسٹوک کی سیلاب متاثرین کی امدا د پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیر اعظم نے ’پاکستان برطانیہ دوستی زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا۔

اس موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کےلیے کوشاں ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کے حکم نامے پر عمل درآمد نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔