جنرل باجوہ سے متعلق پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے بیانات غلط ہیں، رانا ثناء اللّٰہ

December 05, 2022

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ سے متعلق پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے بیانات غلط ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مونس الہٰی نے جنرل باجوہ کے سامنے تمہید باندھی ہوگی، جس کی انہوں نے تائید کردی ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پرویز الہٰی اور مونس غلط کہہ رہے ہیں کہ ان کو باجوہ صاحب نے کہا تھا کہ ادھر چلے جائیں، جب پرویز الہٰی نے ہم سے معاہدہ کر لیا تو ان کو باجوہ صاحب سے بات کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ پرویز الہٰی کو باجوہ سے بات کرنی تھی تو ہم سے معاہدہ کرنے سے پہلے کیوں نہیں کی؟

رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ جنرل باجوہ کے ریٹائر ہونے کے بعد ان کو ساری باتیں یاد آ رہی ہیں، جتنا سیاسی نقصان ہونا تھا وہ ہوگیا اب نہیں ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر یہ صوبائی اسمبلیاں توڑ دیں گے تو ہم الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے مذاکرات کرنے ہیں تو سیدھے طریقے سے کان پکڑیں۔