یوکرین جنگ سے ہمارا زیادہ نقصان ہوا، یورپی یونین

December 06, 2022

برسلز(نیوز ڈیسک) یورپی یونین نے پہلی مرتبہ اعتراف کیا ہے کہ یوکرین تنازع کی وجہ سے امریکا کے مقابلے میں یورپ کا نقصان زیادہ ہوا ہے اور اسے سنگین نتائج بھگتنا پڑ رہے ہیں۔ یورپی کونسل کے صدر چارلس مائیکل نے اطالوی اخبار کودیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان تنازع کے اثرات امریکا کے مقابلے میں یورپی یونین کیلئے زیادہ سنگین ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین تنازع کی وجہ سے امریکا اور یورپ کے درمیان سیکورٹی کے شعبے میں تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں لیکن افسوس ہے کہ معاشی تعلقات کے بارے میں ایسا نہیں کہا جا سکتا کیونکہ اس تنازع کے اثرات امریکا پر اُس سنگینی سے نہیں مرتب ہوئے جتنے یورپ پر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کیلئے معاملات اور حالات بہتر ہیں کیونکہ وہ تیل اور گیس کا برآمد کنندہ ملک ہے اور توانائی کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے اسے فائدہ ہو رہا ہے جبکہ اس کی بھاری قیمت یورپ کو چکانا پڑ رہی ہے۔