شام میں معاشی بحران، مظاہرین کا گورنر آفس پر دھاوا

December 06, 2022

دمشق(نیوز ڈیسک) شام میں جاری معاشی بحران کے پیش نظر جنوبی شہر سویدا میں احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین نےگورنر کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔مقامی میڈیا کے مطابق مشتعل مظاہرین نےگورنر آفس کی عمارت کے کچھ حصوں میں آگ لگا دی، مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے لگائے اور صدر بشار الاسد سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے گورنر آفس کی عمارت پر لگی صدر بشار الاسد کی تصویر بھی پھاڑ دی، سکیورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔خیال رہےکہ شام میں طویل خانہ جنگی اور مغربی پابندیوں کے باعث معاشی حالات خراب ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق شام کی 90فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔