پاکستان مسلم لیگ خان قیوم خان دوبارہ فعال،آزاد کشمیر میں لانچ کر دیا گیا

December 06, 2022

لوٹن(شہزاد علی)پاکستان مسلم لیگ خان قیوم خان کو دوبارہ فعال کرتے ہوئے آزادکشمیر میں بھی لانچ کر دیا گیا،پاکستان مسلم لیگ خان قیوم خان کے صدر سید فقیر حسین بخاری نے مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد میں پی ایم ایل کیو آزادکشمیر کے لیے لوٹن کی کاروباری شخصیت جہانگیر خان کو صدر نامزد کر دیا ۔ برطانیہ واپس پہنچنے پر نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان نے بتایا کہ ان کو برطانیہ میں کشمیریوں پر بھارت کے ظلم و ستم کو اجاگر کرنے کا خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے، انہوں نے نئی تنظیم کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد میں سیکرٹری اطلاعات اسد محمود،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل انور بھٹی اور انچارج سوشل میڈیا مخدوم ثقلین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ خان قیوم خان کے صدر سید فقیر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ خان قیوم خان پاکستان کی اصل خالق اور بانی جماعت ہے جس نے پاکستان کی تکمیل اور کشمیر کی آزادی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا تھا،یہ جماعت پورے پاکستان میں متحرک اور فعال ہورہی ہے جب کہ آزادکشمیر میں بھی اس کی تنظیم سازی شروع کردی گئی ہے ۔ جہانگیر خان سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری حمید پوٹھی کے بھتیجے ہیں اور لوٹن کی کاروباری شخصیت کے طور پر معروف ہیں، جہانگیر خان نے بتایا کہ نئی جماعت آزادکشمیر کے اگلے عام انتخابات میں بھی حصہ لے گی انہوں نے ایک پریس ریلیز بھی جنگ کو بھیجی ہے جس کے مطابق سید فقیر حسین بخاری نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور اس کے گردونواح کے حالات کو منظر عام پر لانا اپنی سیاسی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کے امن واستحکام کو امریکہ وبھارتی بالادستی کے عزائم سے خطرات لاحق ہیں جن کے خلاف آوازبلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔