بلدیاتی قوانین میں ترامیم، میئر وچیئرمینز کو اختیارات ملینگے، وزیر محنت

December 06, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ بلدیاتی قوانین میں ترامیم کی گئ ہیں، جس میں مئیر وچیئرمینز کا اداروں میں عمل دخل رکھا گیا ہے، اختیارات منتقل ہوں گے تو بلدیاتی نمائندوں کی جگہ سندھ حکومت کی ضرورت نہیں رہے گی، عمران خان سیاست کا ماضی بن چکا، آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی، عمران خان دوسرے شیخ رشید ہیں، جو وہ کہتے ہیں وہ ہوتا نہیں،ضلع شرقی کی جانب سے اپنے ملازمین کے لئے ہیلتھ کارڈز کا اجراء ایک احسن اقدام ہے، جب کہ بلدیہ شرقی نےفیومی گیشن گاڑیوں اورا ن پر بڑی مشینیں نصب کرکے عوام کی سہولتوں میں اضافہ کیا ہے،وہ یہاں بلدیہ شرقی، جمشید زون میں فیومی گیشن وینز اور ملازمین کو ہیلتھ کارڈز دینے کی تقریب سے خطاب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے راہنما آصف خان، ایڈمنسٹریٹر شرقی رحمت اللہ شیخ، میونسپل کمشنر فہیم خان اور دیگر ان کے ساتھ تھے،صوبائی وزیر نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں صحت اور تعلیم کی جانب سے بے فکری ہونا ضروری ہے اور بلدیہ شرقی نے اپنے ملازمین کو یہ سہولت فراہم کر دی ہے۔