سیلاب کے بعد ترقیاتی بجٹ میں 87؍ ارب کٹوتی کی، وزیراعلیٰ سندھ

December 06, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے سیلاب کے بعد حکومت سندھ نے ترقیاتی بجٹ میں 87؍ ارب کی کٹوتی کی ہے، بحالی کے کاموں کے سلسلے میں بلاول بھٹو اور وزیر اعظم نے بہت کوششیں کی ہے، ان کی کوششوں کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان آئے ، ہم پر تنقید کریں لیکن یہ ایک بڑا سانحہ تھا، یہ نہ کہیں کہ ڈوبویا گیا ہے پھر عام لوگ بھی یہی سمجھتے ہیں۔موسمی تبدیلی کے باعث یہ نقصان ہوا ہے ۔عوام کو حقیقت بتائی جائے اگر ہمارے ملک سے بیرون ملک غلط باتیں جائیں گی تو اس سے ملک کا نقصان ہوگا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ان خیالات کااظہار پیر کو سندھ اسمبلی میںمون سون کی بارشوں ، سیلاب کی تباہ کاریوں اور اس حوالے سے حکومت سندھ کے اقدامات پر ایک تحریک التو اپر اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کیا ، پیر کوسندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں ایک گھنٹہ 25منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا تھا۔ ایوان بارشوں اور سیلاب سے متعلق اس تحریک التوا پر تین روز تک بحث کرے گا۔