اوپن مارکیٹ سے سستی گندم انٹرنیشنل مارکیٹ سے دستیاب

December 06, 2022

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) انٹرنیشنل مارکیٹ میں گندم کی قیمت روس یوکرین جنگ کے نتیجے میں 270ڈالر فی ٹن تک نیچے آ گئی ہے۔ روس نے ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم پاکستان کو بھجوانے کا معاہدہ کر لیا ہے جبکہ پاکستان کا گندم مافیا عوام کو انٹرنیشنل مارکیٹ سے بھی زیادہ قیمت پر گندم فراہم کرنے کے درپے ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو نے پیر کی شب جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب اور حکومت سندھ کو فی الفور فلور ملوں کیلئے سستے سرکاری آٹے کیلئے گندم کا کوٹہ ساڑھے اٹھارہ ہزار سے بڑھا کر پچیس ہزار ٹن یومیہ کرنا چاہئے۔ یہ کوٹہ بڑھنے سے اوپن مارکیٹ سے بلیک مافیا بھاگ کھڑے ہونگے کیونکہ پورے ملک کے فلور ملز مالکان کو حکومت کی طرف سے تین ہزار روپے فی چالیس کلو گرام آسانی سے جب گندم ملنے لگے گی تو اوپن مارکیٹ میں گندم کے ذخیرہ اندوزوں سے یہ مہنگے داموں گندم فلور ملز مالکان نہیں خریدے گے کیونکہ انکے پاس سستے سرکاری آٹے کیلئے اٹھارہ ہزار چھ سو کی بجائے پچیس ہزار ٹن گندم کا کوٹہ موجود ہو گا۔ فلور ملز مالکان عوام دوست ہیں‘ وہ سب اسی وطن کے سپوت ہیں‘ کوئی فلور مل مالک بھی گندم مافیا کے ہاتھ چھتیس سو فی چالیس کلو گرام گندم خریدنے کیلئے تیار نہیں ہے۔