سینٹرل جیل میں قید دہشت گرد کی سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے کا انکشاف

December 06, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر/این این آئی) سینٹرل جیل میں قید دہشت گرد کی جانب سے سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے کا انکشاف ہوا ہے۔

فائربریگیڈ ملازمین سمیت 6 سرکاری ملازمین کے قتل میں ملوث بلال ظفر فاروقی سے تحفظ کے لیے فائر بریگیڈ ملازمین نے حکام کو درخواستیں ارسال کردیں۔ملزم بلال فاروقی نہ صرف موبائل فون بلکہ لینڈ لائن نمبرز پربھی کال کر کے ملازمین کودھمکیاں دے رہا ہے۔

اس سے قبل بھی ملزم نے گواہوں کو دھمکیاں دے کرخاموش کروایا تھا۔کورنگی فائر اسٹیشن حملے کے الزام میں گرفتارملزم بلال ظفر فاروقی مبینہ طور پر مختلف نمبروں سے فائربریگیڈ ملازمین کو دھمکیاں دے رہا ہے ۔

ملزم بلال ظفر فارقی پر فائر بریگیڈ کے 6ملازمین کے قتل کا الزام ہے۔محکمہ فائر بریگیڈ کے افسران نے تحفظ کے حوالے سے درخواستیں رینجرز، پولیس اور سندھ ہائی کورٹ کوارسال کر دی ہیں۔