عمران خان کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس: ایف آئی اے نے جواب عدالت میں جمع کروادیا

December 07, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لاہور ہائیکورٹ میں جواب جمع کروادیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے نجی بینک میں اکاؤنٹ عمران خان کے دستخط سے اوپن کیا گیا، پی ٹی آئی کا لیٹر ہیڈ استعمال ہوا، عمران خان سے پوچھ گچھ کیلئے قانون کے مطابق نوٹس جاری کیا۔

ایف آئی اے نے چار صفحات پر مشتمل جواب عدالت میں جمع کروایا، جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں نجی بینک کی برانچ میں اکاؤنٹ چلایا جا رہا تھا، الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب اس اکاؤنٹ کو چلا رہی تھی۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ عمران خان سے پوچھ گچھ کیلئے قانون کے مطابق نوٹس جاری کیا، پی ٹی آئی نے کال اپ نوٹس کو ماننے سے انکار کر دیا ہے، بینکنگ ایکٹ 1974 کے تحت انکوائری کرنے کے مجاز ہیں۔