کافی کے شوقین افراد کیلئے دبئی میں ’ورلڈ کافی ایکسپو‘ ہوگی

December 07, 2022

نئے سال 2023 میں 11 سے 13 جنوری تک دبئی میں ’کافی ایکسپو‘ منعقد کی جائے گی جس میں 30 سے زائد ممالک کے ایک ہزار برانڈز حصہ لیں گی۔

تین روزہ ایونٹ ورلڈ کافی ایسوسی ایشن اور دبئی لائیو کی طرف سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

یہاں 30 سے زائد ملکوں کے ایک ہزار سے زائد بین الاقوامی، علاقائی اور مقامی برانڈز اپنی منفرد اور انواع و اقسام کی کافی پیش کریں گے۔

ایونٹ میں کافی انڈسٹری کے اعلیٰ برانڈز اور ماہرین سمیت، کاشت کار، تاجر، تقسیم کار، کافی شاپ مالکان سمیت اس مشروب سے محبت کرنے والے شائقین جمع ہوں گے۔

ورلڈ آف کافی ایکسپو میں کافی بار کے علاوہ مختلف برانڈز کی کافی سے لطف اندوز ہونے کے لیے بھی علیحدہ انتظام ہوگا۔

کافی ایکسپو میں یو اے ای کے علاوہ ترکیہ، سوئٹزرلینڈ، سنگاپور، قطر، اومان، سعودی عرب، جنوبی کوریا، اردن، انڈونیشیا، بھارت، جارجیا اور یوکرین کی برانڈز شرکت کریں گی۔