کریز نے ہڑتال کے سبب رائل میل کے ساتھ پارسل ڈلیوری کا کام بند کردیا

December 08, 2022

لندن (پی اے) کریز نےہڑتال کے سبب رائل میل کے ساتھ پارسل ڈلیوری کا کام بند کردیا۔الیکٹرانک ریٹیلر کریز کے چیف ایگزیکٹو الیکس بالڈاک نے کہا کہ کریز رائل میل کی خدمات نسبتاً چھوٹے پارسلوں کیلئے حاصل کرتی تھی ،اس لئے یہ کام بہت آسانی کے ساتھ دوسرے ادارے کو منتقل کردی گئی ،انھوں نے کہا کہ رائل میل کرسمس کی پوسٹ کیلئے تاریخ دیدی ہے ان دنوں کے دوران ڈاک کی ترسیل میں تاخیر کا امکان ہے۔ رائل میل کے ورکرز 9,11,14,15,23اور 24دسمبرکو ہڑتال کریں گے جس کے پیش نظر بہت سے دکانداروں نے خریداروں سے کہاہے کہ وہ اپنے آرڈر جلد بک کرائیں تاکہ انھیں ہڑتال کی وجہ سے تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بالڈاک نے کہا کہ پارسل کی ترسیل کا کام عارضی طورپر دوسرے ادارے کو منتقلی سے کوئی مسئلہ پیدانہیں ہوگا،ہم نے تمام معاملات بروقت طے کرلئے ہیں ،بالڈاک نے کہا کہ کریز کے ملازمین کے ملازمین گزشتہ سال سے تنخواہوں میں 16فیصد اضافے سے لطف اندوز ہورہے ہیں ہم اپنے عملے کی تنخواہوں میں گزشتہ 5سال کے دوران کم وبیش40فیصد اضافہ کرچکے ہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے پاس بہت اچھے نفیس لوگ ہیں اور یقیناً ہم بھی اچھے ہیں ،لیکن اس کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ ہم اپنے عملے کے ارکان کو ادارے کے ساتھ جڑا رکھنا چاہتے ہیں ،انھوں نے کہا کہ کریز کے عملے کو کسٹمر کی مدد کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کی مہارت کی ضرورت ہوتی ہے اور ہم صحیح ٹیلنٹ کو بھاری تنخواہیں ادا کررہے ہیں ،رائل میل کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہڑتال سے کمپنی کو مالی نقصان ہورہاہے اور اس کی وجہ سے ملازمتیں خطرے سے دوچار ہیں انھوں نے کہا کہ ہم ایک مقابلے کی مارکیٹ میں کام کررہے ہیں اور ہمارے کسٹمر ز کے پاس متبادل چوائس موجود ہیں اور ہڑتال جاری رہنے کی صورت میں جلد یابدیر ہمارے کسٹمرز متبادل راہ اختیار کریں گے۔بالڈوک نے کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران لوگوں نے بڑے پیمانے پر آن لائن خریداری کا طریقہ اختیار کیا ہے لیکن امیزون جیسے ادارے مقامی تاجروں کے مساوی ٹیکس نہیں دے رہے ہیں ،برطانیہ کے بہت سے ریٹیلرز انفرااسٹرکچر کیلئے بھی ادائیگی کررہے ہیں جبکہ امیزون مفت سواری کررہاہے۔نومبر میں اعلان کردہ اقدامات کے تحت انٹرنیٹ کے ذریعہ بزنس کرنے والے بہت کم ٹیکس ادا کریں گے جبکہ جن تاجروں کے بڑے گودام اور لاجسٹکس سینٹر ہیں انھیں زیادہ ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔ امیزون کا کہناہے کہ اس نے گزشتہ سال کارپوریشن ٹیکس اور بزنس ریٹس سمیت 648 ملین پونڈ ٹیکس اداکیاہے ،امیزون کے ایک ترجمان کا کہناہے کہ اگر ٹیکسوں کی وسیع ترین تصریح کو مدنظر رکھاجائے تو ظاہرہوتاہے کہ امیزون نے VAT اور اپنے ملازمین کی تنخواہوں کی آمدنی پر ٹیکس سمیت مجموعی طورپر گزشتہ سال 2.13 بلین پونڈ کا ٹیکس ادا کیاہے۔