سانولی رنگت کے سبب ’کالی بلی‘ پکارا جاتا تھا، پریانکا چوپڑا کا انکشاف

December 08, 2022

فائل فوٹو

بھارتی و ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں سانولی رنگت کے سبب بالی ووڈ میں ’کالی بلی‘ کے نام سے پکارا جاتا تھا۔

حال ہی میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے کیریئر کے آغاز میں آنے والی مشکلات اور اپنی سانولی رنگت کے سبب تعصب کا نشانہ بنائے جانے سے متعلق کھُل کر بات کی ہے۔

پریانکا چوپڑا نے اپنے انٹرویو کے دوران بتایا کہ جب انہوں نے ’مس انڈیا‘ بننے کے بعد شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تو اُنہیں سانولی رنگت کی وجہ سے ناصرف بے عزتی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ اُنہیں ’کالی بلی‘ کے نام سے بھی پکارا گیا۔

پریانکا کا بتانا تھا کہ ’مجھے اپنے کیریئر کے آغاز پر ہی خود پر یقین تھا کہ میں ایک باصلاحیت لڑکی ہوں اور اچھا کام کر سکتی ہوں مگر سانولی رنگت ہونے کی وجہ سے مجھے اپنی دیگر ساتھی اداکاراؤں کے مقابلے دگنی محنت کرنی پڑتی تھی‘۔

پریانکا چوپڑا نے مزید کہا کہ بھارتی انڈسٹری کے لوگوں کے سروں پر گوری رنگت کا خبط سوار ہے کیوں کہ بھارت میں برطانوی راج کو ختم ہوئے 100 سال نہیں ہوئے ہیں اس لیے یہاں کے لوگ ابھی تک انگریزوں کے ریت و رواج اور رنگت پر بہت مرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ بھارت سے کالی اور گوری رنگ سے متعلق تعصب پر مبنی یہ سوچ اب ختم ہو جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک بار پریانکا چوپڑا کالی اور گوری رنگت کے موضوع پر بات کر چکی ہیں۔

پریانکا کا ماضی میں دیئے گئے ایک انٹرویو میں رنگ گورا کرنے والی کریمز کی تشہیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کم عمری میں سوچا کرتی تھی کہ سیاہ رنگ خوبصورت نہیں ہوتی، اس لیے میں چہرے پر ٹالکم پاوڈر لگایا کرتی تھی۔

پریانکا کا بتانا تھا کہ بچپن میں اکثر اوقات محض تفریح کے لیے اُن کے خاندان والے بھی اُنہیں ’کالی‘ کہہ کر پکارتے تھے۔