عام موزوں پر مسح کرکے نماز ادا کرنا…!

December 09, 2022

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: سردی کے ان ایام میں بعض جگہوں پر ہم نے دیکھا ہے کہ لوگ عام موزے جو دھاگے سے بنے ہوتے ہیں، وہ سردی سے بچاؤ کے لیے پہنتے ہیں، ان موزوں پر مسح کررہے ہوتے ہیں، اور اسی طرح وضو کرکے وہ نماز بھی ادا کرتے ہیں، تو کیا یہ جو عام موزے ہم پہنتے ہیں، ان پر مسح کرسکتے ہیں؟ اس سے وضو ہوجائے گا اور نماز درست ہوگی یانہیں ؟

جواب: عام پہننے کے سوتی یا اونی موزوں میں چوں کہ شرعی شرائط نہیں پائی جاتیں، اس لیے ان موزوں پر مسح کرنا جائز نہیں ہے، وضو کرتے ہوئے انہیں اتار کر پاؤں دھونا لازم ہے، اگر کوئی شخص وضو کرتے ہوئے انہی سوتی موزوں پر مسح کرکے پاؤں دھوئے بغیر نماز ادا کرے گا تو اس کی نماز درست نہیں ہوگی، ایسی نماز کا اعادہ کرنا لازم ہوگا۔