کیا واقعی کرسٹیانو رونالڈو نے ورلڈ کپ ادھورا چھوڑ کر چلے جانے کی دھمکی دی تھی؟

December 09, 2022

فائل فوٹو

پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کو فیفا ورلڈ کپ کا ایک میچ نہ کھلانے کا فیصلہ کئی دنوں بعد اب بھی خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق پرتگال کے ایک اخبار نے اس حوالے سے لکھا تھا کہ کرسٹیانو رونالڈو نے ٹیم کے ہیڈکوچ فرنانڈو سینٹوز کے ساتھ گفتگو میں ٹیم کو چھوڑنے پر غور کیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کئی جگہ رپورٹ کیا گیا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ میں نہ کھلانے کے فیصلے پر پرتگال ٹیم کے اسکواڈ کو چھوڑنے کی دھمکی دی تھی۔

پرتگال کے اخبار کے اس دعوے کے بعد اب کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس حوالے سے اپنا ردعمل دے دیا ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو نے ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا کہ ایک قوم اتنی بہادر ہے کہ اپنے آپ کو کسی بھی دشمن سے خوفزدہ نہیں کر سکتی۔

اسٹار فٹبالر نے لکھا کہ ایک ٹیم جو خواب کے لیے آخر تک لڑے گی، ہمارے ساتھ یقین رکھیں۔

اس کے علاوہ اس معاملے پر پرتگال فٹبال فیڈریشن نے بھی بیان جاری کیا ہے۔

پرتگال فٹبال فیڈریشن نے کرسٹیانو رونالڈو کی دھمکی سے متعلق دعوے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ کرسٹیانو رونالڈو نے قطر میں ورلڈ کپ کے دوران کسی بھی وقت ٹیم کو چھوڑنے کی دھمکی نہیں دی۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کے اہم میچ میں کپتان رونالڈو کے بغیر ہی میدان میں اترنے والی پرتگال کی ٹیم نے سوئٹزرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں 6 گول سے عبرتناک شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی تھی۔