ڈیبیو میچ میں ابرار احمد کے ہر وکٹ پر ریکارڈ

December 09, 2022

ویڈیوز بشکریہ پی سی بی

ملتان میںانگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد کا پہلا میچ توجہ کا مرکز اور یادگار بن گیا۔

ابرار احمد ڈیبیو میچ میں ہر وکٹ کے ساتھ پہلے میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے بولرز کی فہرست میں آگے بڑھتے رہے۔

پاکستان میں مسٹری اسپنر کے نام سے مشہور ابرار احمد نے انگلینڈ کے بیٹرز کو اپنے جال میں پھنسا لیا۔

ملتان میں ابرار احمد نے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی جس کے بعد انہوں نے انگلش کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیجنےکا سلسلہ برقرار رکھا۔

ابرار احمد پہلے سیشن میں انگلش بیٹرز کے لیے پریشانی کا باعث بنے رہے، انہوں نے محض 13 اوورز میں انگلینڈ کے ابتدائی 5 کھلاڑیوں کو آؤٹکیا۔

ابرار احمد نے کھانے کے وقفے کے بعد بھی انگلش بیٹرز کو پریشان کیے رکھا اور پاکستان کے لیے چھٹی اور ساتویں وکٹ بھی حاصل کی۔

ابرار احمد ڈیبیو ٹیسٹ کے پہلے دن 5 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی اسپنر بن گئے ہیں، جس کے بعد چھٹی اور ساتویں وکٹ بھی لے کر انہوں نے اپنے ریکارڈ کو بہتر کیا۔

اس کے علاوہ ابرار احمد کھانے کے وقفے سے پہلے 5 وکٹیں لینے والے بھی پہلے بولر ہیں۔

ابرار احمد ڈیبیو پر 7 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے دنیا کے 22 ویں بولر بھی بن گئے۔

اس سے قبل محمد زاہد بھی ڈیبیو ٹیسٹ کی ایک اننگز میں 7 وکٹیں لے چکے ہیں۔

محمد زاہد نے نیوزی لینڈ کے خلاف 1996ء میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا، انہوں نے میچ میں 9 وکٹیں لی تھیں۔

ابرار احمد کی شاندار کارکردگی کے باعث ٹوئٹر پر بھی ان کے نام کا ٹرینڈ چل رہا ہے جہاں لوگ اسپن بولر کی خوب تعریفیں کر رہےہیں۔