کرسٹیانو رونالڈو کے شاندار فٹبال کیریئر کے زوال کا آغاز ہوگیا؟

December 09, 2022

کرسٹیانو رونالڈو، فائل فوٹو

پرتگال کی فٹبال ٹیم کے منیجر فرنانڈو سینٹوز کا فیفا ورلڈکپ میں کپتان کرسٹیانو رونالڈو کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ میں نہ کھلانے کا فیصلہ موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔

فرنانڈو سینٹوز نے رونالڈو کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ میں نہ کھلانے کا فیصلہ کیا تھا جو کہ کامیاب رہااور پرتگال نے اس میچ میں سوئٹزرلینڈ کو 6-1 سے شکست دی تھی۔

دراصل ہوا یوں کہ پرتگال کی ٹیم کے کوچ نے آخری گروپ میچ میں رونالڈو کی جگہ نوجوان کھلاڑی گونکالو راموس کو شامل کیا اور اُنہیں اپنے اس فیصلے پر بہت تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن راموس کو کھلانا کوچ کے لیے جیک پاٹ ثابت ہوگیا۔

گونکالوراموس نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کر کے بہت تعریفیں سمیٹیں۔

گزشتہ کچھ عرصے سے پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کافی مشکل میں نظر آرہے ہیں پہلے تو ان کا اپنے فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ تعلق ایک جھگڑے پر ختم ہوا۔

اس کے بعد اب فیفا ورلڈ کپ کے دوران تو پرتگال کی ٹیم نے وہ کر دکھایا جس کے بارے میں کبھی سوچنا بھی ممکن نہیں تھا۔

رونالڈو کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف نہ کھلانے کا فیصلہ کتنا فائدے مند رہا؟

پرتگال کے کوچفرنانڈو سینٹوز کو رونالڈو کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف نہ کھلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بات کا اندازہ ضرور ہو گا کہ وہ ٹیم میں کتنی بڑی تبدیلی کرنے جا رہے ہیں۔

کرسٹیانو رونالڈو کی غیر موجودگی میں اگر پرتگال ہار جاتا تو ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا ذمہ دار کوچ فرنانڈو سینٹوز کو قرار دیا جاتا۔

مگرحیران کُن بات یہ ہے کہ اتنا بڑا فیصلہ لینے کے باوجود بھی پرتگالی کوچ پر میچ کے دوران بہت ہی پراعتماد نظر آئے اور پرتگال کی ٹیم بھی اس میچ میں پہلے کی نسبت زیادہ خطرناک اور چست نظر آئی۔

پرتگال کی ٹیم نے میچ میں برنارڈو سلوا اور برونو فرنینڈس جیسے مڈ فیلڈرز کے بل بوتے پر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

اس میچ کے دوران نہ صرف پرتگال کے نئے کھلاڑی گونکالو راموس نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کی بلکہ ٹیم میں ہمیشہ دب کر کھیلنے والے انتہائی باصلاحیت کھلاڑی جواؤ فیلکس بھی آزادی سے کھیلتے ہوئے نظر آئے۔

اس میچ سے پہلے رونالڈو نے ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں 514 منٹ تک کھیلا تھا لیکن ایک بھی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے جبکہ راموس نے صرف 67 منٹ میں 3 گول کیے۔

کیا یہ کرسٹیانو رونالڈو کے شاندار کیریئر کے زوال کا آغاز ہے؟

سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ کے دوران کیمرے کی نگاہیں رونالڈو پر مرکوز رہیں اور ان کے چہرے سے پہلی بار کچھ پریشانی اور مایوسی کے آثار نمایاں تھے۔

گراؤنڈ میں اس دوران ’رونالڈو رونالڈو‘ کے نعروں کی گونج بھی سنائی دیتی رہی پھر آخر کار جب میچ ختم ہونے میں صرف 16 منٹ باقی رہ گئے تو رونالڈو تھوڑی دیر کے لیےجواؤ فیلکس کی جگہ میدان میں آئے اور ان کا استقبال کسی پاپ اسٹار کی طرح کیا گیا۔

جیسے ہی رونالڈو گراؤنڈ میں ایکشن میں نظر آئے تو شائقین ان کے روایتی اور جادوئی انداز دیکھنے کے منتظر تھے لیکن یہ موقع بھیپرتگالی اسٹرائیکر رافیل لیو نے چھٹا گول کرنے بعد رونالڈو سے چھین لیا، میچ کے دوران یہ تمام مناظر دیکھنے کے بعد ایسا لگا کہ اب رونالڈو کی پرتگال کی ٹیم میں وہ جگہ نہیں رہی جو پہلے تھی۔

رونالڈو کو ایک زمانے میں پرتگال کا مستقبل کہا جاتا تھا لیکن اب ایسا لگ رہا ہے کہ وہ بس ماضی کا ایک قصّہ بنتے جا رہے ہیں،مستقبل اب راموس اور لیو جیسے ابھرتے ہوئے ستاروں کا نظر آرہا ہے۔