برٹش ایئرویز کی پرواز میں خاتون مسافر کے کھانے سے مصنوعی دانت نکل آیا

December 09, 2022

برٹش ایئرویز کی پرواز میں ایک خاتون مسافر کے کھانے میں سے مصنوعی دانت نکل آیا۔ غدا الحوث لندن سے دبئی جانے والی پرواز میں محوِ سفر تھیں۔

انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کھانے اور مصنوعی دانت کی تصویر بھی شیئر کی۔

خاتون نے ٹوئٹ میں ایئرلائن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اب تک آپ سے اپنے کھانے میں سے برآمد ہونے والے اس مصنوعی دانت کے متعلق وضاحت کا انتظار کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے منہ میں میرے اپنے تمام اصلی دانت لگے ہوئے ہیں تو یہ میرا نہیں ہوسکتا۔

برٹش ایئرویز نے خاتون مسافر کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا، کیا آپ نے کسٹمر ریلیشنز ٹیم کو فضائی عملے کے متعلق تفصیلات فراہم کی تھیں؟ آپ ہمیں براہ راست میسج کرکے اپنی تمام ذاتی تفصیلات فراہم کیجیے۔

ایئرلائن نے برطانوی اخبار کو بتایا کہ وہ اس معاملے پر براہ راست خاتون مسافر سے رابطے میں ہیں اور ان سے معذرت کرنے کے ساتھ ساتھ تفصیلات بھی لے چکے ہیں تاکہ متعلقہ حکام واقعے کی تفتیش کرسکیں۔