بالی ووڈ اداکار نے اپنے ڈرائیور کو منیجر بنا دیا

December 09, 2022

اداکار امیت سادھ۔

بالی ووڈ اداکار امیت سادھ نے اپنے ڈرائیور کو منیجر کے عہدے پر ترقی دے دی۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر انہوں نے اپنے نئے تقرر کردہ منیجر کے ساتھ تصویر شیئر کی۔

امیت سادھ نے لکھا کہ ’میرے نئے اور بہترین منیجر عمران بھائی کو بہت مبارک ہو، آپ ہر خوشی، پیار اور عزت کے حق دار ہیں۔

عمران، امیت سادھ کے پاس پچھلے 16 برس سے ڈرائیور کی نوکری کر رہے تھے۔


ایک انٹرویو میں امیت نے بتایا کہ عمران میرے لئے والد کے جیسے ہیں، انہوں نے میرے لیے بہت کچھ کیا ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ عمران پر اپنی محبت اور عزت ظاہر کرنے کے لیے میں نے یہ فیصلہ کیا۔

امیت نے کہا کہ میں سب کے سامنے ان کی عزت کرنا چاہتا ہوں، میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھے 16 سال دیے اور میں اس کی قدر کرتا ہوں۔

امیت سادھ نے مزید کہا کہ وہ اس کے حق دار ہیں، میرا اقدام ان کی طرف سے میرے لیے کی گئی خدمات کے آگے کچھ بھی نہیں۔