جعلی ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والی خاتون کی شناخت کی اپیل

December 10, 2022

لندن (پی اے) ڈربی شائر پولیس ایک خاتون کی شناخت کیلئے عوام سے مدد مانگ رہی ہے، جس کی تصویر جاری کی گئی ہے۔ آفیسرزنے جس خاتون کی تصویر جاری کی ہے، اس پر مبینہ طور پر جعلی ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کا الزام ہے۔ ڈربی شائر پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ 18 نومبر کو ڈربی کے کوئنٹن روڈ میں ہوا، جب سٹاف کو اس وقت تشویش ہوئی کہ وہاں موجود خواتین میں سے ایک شاید کسی دوسرے شخص کی طرف سے ٹیسٹ دے رہی ہے۔ فورس اب عوام سے اس خاتون کی شناخت کیلئے مدد طلب کر رہی ہے۔ انگلینڈ کے دیگر حصوں میں بھی اسی طرح کے واقعات پر اس کی تلاش کی جا رہی ہے۔ ان علاقوں میں نارتھمپٹن شائر،کیمبرج شائر،ہمپشائر،ہرٹ فورڈ شائر،وورسسٹر شائر،ہیرفورڈ،کینٹ، لنکن شائر،نارتھ یارکشائر،ساؤتھ یارکشائر،کمبریا اور گریٹر لندن شامل ہیں۔ پولیس فورس کا کہنا ہے کہ جو کوئی بھی اس خاتون کو پہچانتا ہے تو وہ فورس سے رابطہ کرے۔