سیاسی ایڈمنسٹریٹرز نے کراچی کو تباہ کردیا، مرزا فیصل محمود

December 10, 2022

لندن ( پ ر ) پاک سرزمين پارٹی برطانیہ کے سینئر نائب صدر مرزا فیصل محمود نے ڈاکٹر سیف الرحمٰن کو ایڈمنسٹریٹر کراچی لگانے پر تنقيد کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو تجربات کی آماجگاہ بنا دیا گیا ہے ۔دنیا کے ملکوں نے اپنے بلدیاتی اداروں کو مضبوط کر کے ناصرف ترقی کی بلکہ کوویڈ 19 کے بعد اپنے لوگوں کی آسانی کے لئے آن لائن سروسز کا آغاز کیا اس سے ناصرف وقت ،توانائی اور رقم کی بچت کے ساتھ کام بھی آسانی سے حل ہونے لگے جب کہ ہمارے ملک پاکستان میں آج بھی فرسودہ نظام جاری ہے اوربد عنوانی کا بازارگرم ہے، 18ویں ترمیم کے بعد صوبہ کا چیف ایگزیکٹو سیاہ اور سفید کا مالک بن بیٹھا ہے اور کوئی بھی ادارہ اس فرد واحد سے پوچھ گچھ نہیں کر سکتا، انہوں نے کہا کہ جب تک نظام بہتر نہیں ہوتا اور بلدیاتی اداروں کو مضبوط نہیں کیا جاتا ہمارا ملک صحیح سمت میں نہیں چل سکتا ، ہمیں ایسے نظام کی ضرورت ہے جو ہر ادارے پر چیک رکھ سکے، صرف کراچی کا پانی چوری کر کے روزانہ کی بنیاد پر پاکستان کو ٹریلین ڈالرز کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے ،کراچی دنیا کے 60 ممالک سے بڑا شہر ہے اور اس شہر کے روڈز،نالے صاف کرنے کی ذمہ داری ایم پی اے اور وزیر اعلیٰ کے پاس ہے، اگر یہی کام کرنے ہیں تو بلدیاتی اداروں کا خاتمہ کر دینا چاہئے، انہوں نے کہا سندھ خصوصا کراچی میں جنگل کا قانون نافذ ہے ۔