فیفا ورلڈکپ کے بعد اسٹیڈیم کمیونٹی مرکز بن جائے گا

December 10, 2022

دوحہ(نیوز ڈیسک)فٹبال ورلڈکپ اختتامی مراحل میں داخل ہونے والا ہے۔18دسمبر کو قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ کا اختتام ہوجائے گا مگر اس ایونٹ کے لیے تیار کیے جانے والے اسٹیڈیمز کا کیا ہوگا؟اس ایونٹ کے لیے قطر نے مجموعی طور پر 8 اسٹیڈیم استعمال کیے ہیں جن میں سے 7کو مکمل طور پر تعمیر کیا گیا جبکہ خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم پہلے سے موجود تھا۔قطر نے اسٹیڈیمز کے حوالے سے پہلے سے منصوبہ بندی کی ہوئی ہے ۔ اسٹیڈیم 974پہلا فٹبال اسٹیڈیم تھا جسے کنٹینرز سے تعمیر کیا گیا تھا اور وہاں آخری میچ برازیل اور جنوبی کوریا کے درمیان 5 دسمبر کو ہوا۔لیگو بلاکس سے متاثر اس اسٹیڈیم کی تیاری کے لیے 974 شپنگ کنٹینرز استعمال کیے گئے ہیں۔اب اس کے لیے استعمال ہونے والے شپنگ کنٹینرز اور نشستوں کو ہٹایا جائے گا مگر ابھی واضح نہیں کہ یہ عمل کب شروع ہوگا۔لوسیل اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کا فائنل ہوگا اور ٹورنامنٹ کے اختتام پر اس اسٹیڈیم کو ایک کمیونٹی مرکز میں تبدیل کردیا جائے گا، جس میں اسکول، دکانیں، کیفے، طبی مراکز اور دیگر سہولیات موجود ہوں گی۔البیت اسٹیڈیم کو فائیو اسٹار ہوٹل، شاپنگ مال اور اسپورٹس میڈیسین سینٹر میں تبدیل کردیا جائے گا۔احمد بن علی اسٹیڈیم اور الجنوب اسٹیڈیم مقامی فٹبال کلبوں کے لیے مختص کردیے جائیں گے۔احمد بن علی اسٹیڈیم الریان کلب کا مرکز ہوگا جبکہ الورقہ کلب الجنوب اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم مستقبل میں بھی عالمی فٹبال مقابلوں کے لیے استعمال کیا جائے گا اور 2026 کے ورلڈکپ کوالیفائنگ مقابلوں کا انعقاد وہاں ہوگا۔کچھ اسٹیڈیمز کو جنوری 2024 میں شیڈول ایشیا کپ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ایسا بھی ممکن ہے کہ ایشیا کپ کے لیے اسٹیڈیم 974 کو پھر سے تعمیر کیا جائے۔قطر کو 2030 کے ایشین گیمز کی میزبانی کے لیے بھی وینیوز کی ضرورت ہے۔