کروشیا نے فیورٹ برازیل کو ورلڈ کپ سے آؤٹ کردیا، نمبر ون کو کوارٹر فائنل میں شکست

December 10, 2022

دوحا (شکیل یامین کانگا/نمائندہ خصوصی) کروشین گول کیپر ڈومینک لیواکووک کی شاندارکارکردگی کی بدولت کروشیا نے پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو فیفا ورلڈ کپ سے آؤٹ کرکے سیمی فائنل کھیلنے کا اعزازحاصل کرلیا۔ میچ مقررہ وقت میں بغیر کسی گول کے برابر رہا، اضافی وقت میں دونوں ٹیموں نےایک ایک گول کرکے مقابلہ برابرکردیا۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے پینلٹی ککس کا سہارا لیا گیا جس میں کروشیا نے 4-2 سے کامیابی حاصل کی۔ میچ کے ہیرو بلاشبہ لیواکوک ہی رہے جنہوں نے درجن بھر سے زائد اپنےگول پراٹیک کرنے والی برازیلین ٹیم کو اس کی کوششوں میں ناکام ہونے نہیں دیا،انہوں نے پہلی پینلٹی روکی جبکہ برازیل کی چوتھی پینلٹی پر گیند گول پوسٹ سے ٹکراگئی۔ دوسری جانب کروشیا نے چار گول کیے۔ پورے میچ میں برازیل کا پلہ بھاری رہا ۔ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں میچ کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا ۔دونوں ٹیمیں نے ایک دوسرے کے گول پر زبردست حملے کیے لیکن گول نہ ہوسکا۔ میچ کے25ویں منٹ میں برازیلی کھلاڑی ڈانیلو کو مخالف کھلاڑیوں کوروکنے پر یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑ۔31ویں منٹ میں برازیلین اسٹرائیکر نیمار کو روکنے پر کروشیا کے کھلاڑی کو یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے ہاف کے ابتداء میں کروشین ٹیم کو گول کرنے کا بہترین موقع ملا لیکن برازیلی دفاع نے یقینی گول بچالیا۔ 55ویں منٹ میں نیمار کو گول کرنے کا موقع ملا، ان کے سامنے صرف گول کیپر تھا لیکن یہ موقع ضائع ہوا۔ اس طرح میچ کا مقررہ وقت ختم ہوا جس کےنتیجے میں تیس منٹ کا اضافی وقت دیا گیا۔ 105ویں منٹ میں نیمار نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلا ئی جسے کروشین کھلاڑی نے گول کرکے برابرکردیا۔