ابرار گوگلی، کیرم کے ماہر، لیگ اسپن کیلئے کلائی استعمال نہیں کرتے

December 10, 2022

ملتان (نمائندہ خصوصی/جنگ نیوز)24 سالہ ابرار احمد کو روایتی لیگ اسپن اور گوگلی کے علاوہ کیرم بال پر بھی مہارت حاصل ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ابرار کی پراسراریت یہ ہے کہ وہ لیگ اسپن کیلئے عبدالقادر، مشتاق احمد، یاسر شاہ، شین وارن، راشد خان، ایڈم زیمپا یا عادل رشید کی طرح کلائی کا استعمال نہیں کرتے بلکہ آف اسپنر کی طرح سے گیند پھینکتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی گیند کو ’پڑھنا‘ مشکل ہو جاتا ہے۔ کلائی کو نہ پڑھا جا سکے تو بیٹر سمجھ نہیں پاتے کہ گیند کہاں گھومے گی۔ ان کے والد کا تعلق شنکیاری اور والدہ کا لاہور سے ہے۔ والد کا ٹرانسپورٹ کا کام ہے ، فیملی کافی عرصے سے کراچی میں مقیم ہے ۔ یہیں ان کی پیدائش ہوئی، کرکٹ اپنے علاقے جہانگیر روڈ کے گلی محلے کی ٹینس بال سے شروع کی۔ ابرار احمد نے کہا کہ بچپن میں بہت شرارتی تھا۔ چھوٹا ہونے کا فائدہ ہے تو نقصان بھی ہے۔ ایک بھائی کا کام کرو تو دوسرے نے بھی کام کرانا ہوتا تھا لیکن میں اپنے بچاؤ کے لیے امی کو آگے کردیتا تھا۔