لاحاصل تجربے وغیر سیاسی کلچر نے قوم کو تقسیم کردیا‘ صادق عمرانی

December 10, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے علاقہ عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک اور لاحاصل تجربے نے مملکت کو جہاں حالت نزاع تک پہنچا دیا ہے وہاں مسلط کردہ غیر سیاسی کلچر نے قوم کو تقسیم بھی کر ڈالا ہے۔ اتنا کچھ جو کسی طرح بھی قومی مفاد میں نہیں دیکھ کر بھی بانٹ دی گئی قوم تاحال چھو منتر کے سحر سے نکلنے کو تیار نہیں۔ ہمہ وقتی جاری مہم جوئی ریاست کو کمزور کرنے کی سازش کو عملی جامع پہنانے کے سوا اور کچھ نہیں۔ انا پرستی کی انتہا ہے کہ تبدیلی کا ڈھنڈورا پیٹنے والا شخص کچھ بھی سننے کو تیار نہیں۔ قوم سے سیاسی آزادی و معاشی آزادی چھیننے والا آج جب سیاسی پسپائی کا خود شکار ہوا تو اسے عوام کی غربت و افلاس نظر آنے لگی ۔ انہوں نے کہا کہ وجود پاکستان قائداعظم کی بے مثال قیادت اور نظریاتی بیانیے کا مرہون منت ہے مگر اس حقیقت میں دورائے نہیں کہ سقوط ڈھاکہ کے بعد اپنے مستقبل سے مایوس اور بے یقینی کا شکار قوم کو ایک جھنڈے تلے متحد کرنے میں جو کردار شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ادا کیا وہ انہی کی سیاسی بصیرت کا مظہر تھا۔ نہ صرف یہ بلکہ انہوں نے ایک بکھری قوم کو آج کے ناقابل تسخیر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی اس وطن دوست اقدام کو تاقیامت یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ نیازی اپنی مسلط کردہ پالیسیوں اور عوام کش طرزعمل سے مجبور ہوکر اپنے ترکش کے سارے تیر چلا چکا اور اب وہ بڑھتی ہوئی سیاسی تنہائی کی جانب محور سفر ہے اب تو اسے تاریخ کے جھروکوں میں جھانکنا پڑے گا جہاں مسلط کردہ حکمران ایسے ہی انجام سے دوچار ہوئے اور جلد یا دیر انہیں قصہ پارینہ بنا پڑا۔بھٹو سے اپنا موازنہ کرنے والا یہ جان لے کہ قائد عوام نے اپنے اصولی موقف کی خاطر پھندے پر جھول جانے کو ترجیح دی اور تم اور تمہاری سیاست اپنی ہی جھوٹی انا کے بت سے ٹکرا کر پاش پاش ہوئے۔