مبہم پالیسی سازی، ناقص گورننس سرمایہ کاری میں کمی کا باعث، گورنر سندھ

December 10, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ادارہ جاتی کمزوری، مبہم پالیسی سازی اور مجموعی طور پر ناقص گورننس ملکی سرمایہ کاری میں کمی اور سرکاری اخراجات کی مسخ شدہ تقسیم کا باعث بنتی ہے ، یہ بات انھوں نےبطور مہمان خصوصی نیب کراچی کی جانب سے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر گورنر ہاس کراچی میں منعقد کئے گئے "کرپشن فری سوسائٹی ایک ترقی پسند معاشرہ" کے موضوع پر سیمینار سے خطاب میں کہی ، سیمینار میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، حکومت کے اعلی افسران، آگاہی مقابلوں کے فاتح طلبا نے بھی شرکت کی،ڈی جی نیب کراچی جاوید اکبر ریاض نے بدعنوانی کے خلاف شعور بیدار کرنے میں آگاہی اور روک تھام کے نظام کی کوششوں اور اہمیت پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ نیب کراچی کے آگاہی اور روک تھام ونگ نے کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز قائم کیں، گزشتہ چند برسوں میں بدعنوانوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کو تیز کیا ہے، اس وقت نیب کراچی اربوں روپے کے میگا کیسز کی تحقیقات کر رہا ہے،سال 1999 میں اپنے قیام سے لے کر اب تک نیب کراچی کو 96000 سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 2297 انکوائریوں اور 1176 انویسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی اور 919 ریفرنس دائر کیے گئے ، پلی بارگین کے ذریعے 15.194 ارب روپے کی رقم ، 341 ارب روپے کی قیمتی سرکاری زمین بالواسطہ طور پر واپس کروائی ، انہوں نے سال 2022 کی کارکردگی پر مختصرا روشنی ڈالی، نیب کراچی کی جانب سے محکمہ ریونیو اور ہیلتھ کے حوالے سے تیار کردہ سفارشات عمل درآمد کے مرحلے میں ہیں،گورنر سندھ نے مجرموں سے لوٹی گئی رقم کی بازیابی اور اسے حکومت اور عوام کو واپس کرنے میں نیب کی کاوشوں کو سراہا ۔اس موقع پر انسداد بدعنوانی کے موضوع پر تقریری مقابلہ کے جیتنے والے طلبا میں تعریفی اسناد او ر نقد انعام بھی تقسیم کیے گئے۔