عالمی کتب میلہ، دوسرے دن بھی بڑی تعداد میں طلباءو طالبات کی آمد

December 10, 2022

اکراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری 5 روزہ سترہویں کراچی انٹر نیشنل بک فیئر 2022ءمیں پہلی بار آئی ایس پی آر کی جانب سے لگایا گیا اسٹال توجہ کا مرکز رہااور ریمورٹ سے چلنے والے ربورٹ میں بچوں نے گہری دلچسپی لی اور طلبہ و شہریوں کا رش نظر آیا،نمائش میں نابینا افراد کے لیے بریل میں قرآن کریم اور رسائل بھی متعارف کروایا گیا،کتب میلے کے دوسرے دن بھی صبح سے ہی بڑی تعداد میں اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباءو طالبات کی آمد کا سلسلہ جاری رہا جبکہ علمی شخصیات سمیت شہر کے ادیب، دانشور، صحافی، سیاستدان اور مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں نمائش کا رخ کیا، کتب اور رسائل میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا ،بڑی تعداد میں نوجوان لڑکے لڑکیاں تعلیم سے متعلق کتابیں مختلف اسٹالز پر ڈھونڈتے نظر آئے، مختلف اسٹالز پر کتابوں کے علاوہ ویب سائٹس کی نمائش بھی کی جا رہی ہے، ایک اسٹال پر پبلشنگ کمپنی کے مالک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اس نمائش سے کتابوں کا کراچی سے رشتہ مظبوط ہوتا نظر آتا ہے، والدین کا کہنا تھا کہ کتب میلے کا انعقاد اس شہر کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں،ہر تین ماہ یا چھ ماہ بعد اس طرح کا میلہ سجنا چاہیے تاکہ طلبہ اور شہریوں میں کتب سے دلچسپی برقرار رہے،دریں اثنا ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما خالد مقبول صدیقی سمیت مختلف ممالک کے سفارتکارں ، علمی و ادبی شخصیات نے جمعہ کوکراچی ایکسپو سینٹر میں جاری5روزہ عالمی کتب میلے کا دورہ کیا ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تما م تر رکاوٹوں کے بعد شہر کراچی دنیا کا سب سے اچھا شہر ہے ، شہر کراچی نے ہمیشہ علم کو فروغ دیا اور عالمی کتب میلہ اسکی پہچان ہے، ڈپٹی کنوینئر ناصر حسین، ندیم مظہر، ندیم اختر، کامران نورانی اور وسیم عبدالحسن نے طلباء اور آنیوالے مہمانوں کو رہنمائی فراہم کی۔