سعودی ایئر لائنز نے ماہرہ خان کا بیگ گما دیا

December 10, 2022

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سُپر اسٹار ماہرہ خان کا بیگ سعودی ایئر لائنز نے گم کردیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ماہرہ خان نے لکھا کہ مجھے سعودی عرب آئے ہوئے تین دن گزر چکے ہیں اور میرا ایک بیگ سعودی ایئر لائنز نے گم کردیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ دن میں متعدد بار معلومات لینے کے باوجود میرا سوٹ کیس کہاں ہے، اس حوالے سے مجھے کوئی اپڈیٹ نہیں دی گئی۔

اداکارہ نے امید ظاہر کرتے ہوئے مزید لکھا کہ مجھے امید ہے کہ اس ٹویٹ کے بعد سعودی ایئر لائنز والے مجھے جلد جواب دیں گے۔

انہوں نے سعودی ایئر لائنز کے آفیشل اکاؤنٹ، وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے ) اور سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے ) کو بھی اپنی ٹوئٹ میں مینشن کیا۔

جس کے آٹھ گھنٹوں بعد سعودی ایئر لائن حرکت میں آتے ہوئے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے اداکارہ کو جواب دیا اور ان سے اپنا نمبر شیئر کرنے کی درخواست کی تاکہ براہ راست رابطہ کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان ان دنوں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے لیے سعودی عرب میں ہیں۔ اس دس روزہ فلمی میلے کا آغاز یکم دسمبر کو ہوا تھا جو آج اختتام پزیر ہو رہا ہے۔