پاکستان نے والی بال ایونٹ جیت لیا

January 17, 2023

پاکستان نے اپنی سر زمین پر ایشین چیمپئن ایران کو شکست دے کر پہلی بار سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ میں پاکستان سمیت پانچ ٹیموں نے حصہ لیا، غیر ملکی ٹیموں میں عالمی نمبر 8ایران کے علاوہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیموں نے حصہ لیا،بھارت کی والی بال ٹیم نےلاہور میں کھیلی جانے والی سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں شرکت سے انکار کیا۔

پاکستان والی بال فیڈریشن کے ذرائع کا کہنا ہےکہ بھارتی ٹیم کو ان کی حکومت نے پاکستان جانے سے روک دیا اور ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی، پاکستان نے بھارتی کھلاڑیوں کو ایونٹ کے دوران مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی، ایونٹ کے فائنل میں پاکستان اور ایران کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، جہاں قومی ٹیم نے پہلا سیٹ 17 کے مقابلے میں 25 پوائنٹس سے جیتا، دوسرے سیٹ میں 16 کے مقابلے میں 25 پوائنٹس سے کامیابی پائی۔ تیسرے سیٹ میں ایران نے کم بیک کیا اور 23 کے مقابلے میں25 پوائنٹس سے فتح پائی۔ چوتھا سیٹ 25 کے مقابلے میں20 پوائنٹس سے پاکستان جیت کر چیمپئن بنا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں بنگلادیش نے سری لنکا کو شکست دی۔فاتح کھلاڑیوں نے اس جیت کو بہت اہم قرار دیا۔ اختتامی تقریب میں کامیاب ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔