پریس کلب کرکٹ ٹورنامنٹ جنگ کے نام

January 17, 2023

فاتح جنگ ٹیم کا سابق صدر پریس کلب فاضل جمیلی، سکریٹری رضوان بھٹی کے ساتھ گروپ۔
خواتین میچ کی فاتح کھلاڑیوں کا ٹرافی کے ساتھ گروپ

اس وقت جب کہ ملک کے اداروں میں کھیلوں کی سر گرمیاں ختم ہوچکی ہیں، کھیل کا شعبہ بند ہوچکا ہے، ٹیموں کی بندش ہے، ان کے پاس اس حوالے سے فنڈ بھی ہے ، اس کے باوجود اگر کوئی نجی شعبہ کھیلوں کی سر گرمیوں کا انعقاد کرے تو وہ یقینی طور پر قابل ستائش عمل ہے، کراچی پریس کلب اپنے ارکان کو جس طرح نامسائب حالات کے باوجود صحت مندانہ سر گرمیاں فراہم کررہا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے، کراچی پریس کلب کےسابق صدر فاضل جمیلی، سکریٹری رضوان بھٹی نے اپنی ٹیم کے ساتھ پچھلے دنوں کراچی پریس کلب نائٹ کر کٹ ٹور نامنٹ کا انعقاد کیا، جس میں مختلف پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجٹیل میڈیا کی 32 ٹیموں نے حصہ لیا، ٹورنامنٹ ناک آؤٹ کی بنیاد پر کھیلا گیا۔

روزنامہ جنگ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار وننگ ٹرافی اپنے نام کی۔ جنگ کی ٹیم نے اے اسپورٹس ،اے پی پی اور روزنامہ امت کی ٹیم کو شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ سیمی فائنل میں جنگ کی ٹیم نے دنیا نیوز کی ٹیم کو مات دے کر فائنل میں جگہ بنائی ، فائنل میں ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم نیوز ون کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی۔ جنگ کے سینئر رپورٹر نصر اقبال کی کو چنگ میں جنگ کی ٹیم کپتان ثاقب صغیر، اعجاز احمد، مطلوب حسین، عاطف خان، محمد منصف اور نعیم کھوکھر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پریس کلب کے سیکریٹری رضوان بھٹی نے جنگ کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ روزنامہ جنگ کی ٹیم واقعی مبارکباد کی مستحق ہے جس نے ہر مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کراچی پریس کلب ٹورنامنٹ کی انتظامی کمیٹی شعیب جٹ ، عباداللہ خان، میاں ذیشان ، بدیع الزماں، خضر اعظم اور دیگر کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایک بہترین ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔انہوں نے ان تمام ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کر کے اس کو کامیاب بنایا۔

تقریب تقسیم انعامات میں ونر اور نر اپ ٹیموں کو نقدایوارڈ کے علاوہ قیمتی ٹرافی دی گئی، جنگ کے کپتان ثاقب صغیر نے وننگ ٹرافی وصول کی ،مین آف دی میچ اور مین آف دی ٹور نامنٹ کے ایوارڈ بھی تقسیم کئے گئے، کلب نے خواتین ارکان کے درمیان بھی نمائشی میچ کرایا ، جس کی فاتح اور رنر اپ ٹیم کو نقد انعام اور ٹرافی دی گئی، تقریب میں جنگ کے چیف رپورٹر سید مہناج الرب ، سنیئر صحافی اور اینکر عبد الماجد بھٹی، رضوان بھٹی، فاضل جمیلی، شازیہ حسن، مونا خان، سنیئر جرنلسٹ احسان قریشی، شعیب جٹ، غلام مصطفے عزیز، شازیہ ارشد، راقم الحروف سمیت سنیئر صحافیوں نے شرکت کی۔