استعمال شدہ چائے کی پتی کِس کام آسکتی ہے؟

January 23, 2023

چائے کی استعمال شدہ پتی کو کھانوں سے لے کر صفائی تک چند درج ذیل حیران کن طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ہم اکثر چائے پکانے کے بعد، استعمال شدہ پتی پھینک دیتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ جس کو بے کار سمجھ کر پھینک دیتے ہیں یہ آپ کے کتنا کام آسکتی ہے؟

چائے کی استعمال شدہ پتی کو کھانوں سے لے کر صفائی تک چند درج ذیل حیران کن طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

سلاد میں شامل کریں

شاید آپ کو سننے میں عجیب لگے، لیکن چائے کی استعمال شدہ پتی سلاد کا مزہ دوبالا کر دیتی ہے۔ بس اس بات کا خیال رکھیں کہ چائے کی استعمال شدہ پتی پرانی نہ ہو اور اس کی صرف ایک چٹکی سلاد پر چھڑک کر استعمال کرسکتے ہیں۔

اچار کے طور پر استعمال کریں

چائے کی استعمال شدہ پتی اچار کے لئے بہترین اجزا ہے، اسے تیل، لیموں کا رس اور نمک میں ملا کر ایک جار میں ڈال کر ایک ہفتہ تک چھوڑ دیں پھر اسے اچار کی طرح استعمال کریں یا چاہیں تو سینڈوچ، سلاد اور دیگر کھانوں میں شامل کریں۔


باورچی خانے کی سطحوں کو صاف کریں

کچن کے سلیب یا کٹنگ بورڈز کی صفائی کرنی ہوتو چائے کی پتی کو یاد رکھیں، گیلی استعمال شدہ چائے کی پتیاں سلیب یا کٹنگ بورڈ پر ڈال دیں، پھر اسے ہلکے ہاتھوں سے رگڑیں، پھر اسے معمول کے مطابق صاف کریں۔

یہ گندگی، چکنائی اور بدبو کو دور کر دیتی ہے۔ اسے آپ برتن دھونے میں بھی استعمال کرسکتے ہیں۔


فریج کی صفائی کریں

اگر آپ کے فریج سے مسلسل کھانوں کی بو آتی ہو تو چائے کی استعمال شدہ پتی کو پھینکنے کی بجائے فریج میں رکھ دیں تو یہ بدبو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ چائے کی پتیوں کو خشک کرکے ململ کے کپڑے میں لپیٹ کر رکھ لیں۔

اس کے علاوہ آپ اسے مائیکرو ویو اور اوون کو صاف کرنے کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں، ٹی بیگ کو استعمال کے فوراً بعد اوون میں رکھ دیں جب تک کہ یہ گرم ہوگی یہ تمام بدبو کو جذب کر لے گی۔