کراچی: آرٹس کونسل میں ”پاکستان یوتھ فیسٹیول“ کا آغاز، 30 ہزار طلبہ کی رجسٹریشن

January 23, 2023

فوٹو: آرٹس کونسل کراچی

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے 7 روزہ ”پاکستان یوتھ فیسٹیول 2023“ کا رنگا رنگ افتتاح کردیا گیا۔

فیسٹیول کا افتتاح معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے کیا۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور جامعہ کراچی کے وائس چانسلر خالد عراقی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے کہا کہ سب سے بڑا عہدہ کسی جامعہ کا وائس چانسلر ہونا ہے اس سے بڑا کوئی مقام نہیں ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ لوگ پاکستان کا مستقبل ہیں، خواتین پاکستان کا مستقبل ہیں جن کا صرف آدھا چہرہ نظر آتا ہے، پاکستان کے ہر شعبے میں آپ کو خواتین نظر آئیں گی۔

انور مقصود کا کہنا تھا کہ میں یہاں آپ کے لیے آیا ہوں آپ اس سرزمین کے بچے ہیں، خود راستے تلاش کریں، منزلیں خود آپ کے سامنے آئیں گی۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوویڈ کی وجہ سے یوتھ فیسٹیول گزشتہ پانچ برسوں سے نہیں ہو سکا، پانچ سال بعد اس فیسٹیول کا انعقاد کر رہے ہیں، اس فیسٹیول میں 30 ہزار طلبا نے رجسٹریشن کروائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی جہاں سے انور مقصود، احمد شاہ، ہما میر اور بہت سی ہستیاں پاس آؤٹ ہوئیں، کراچی یونیورسٹی سب کالجز کو ساتھ لے کر چلتی ہے، یہ یوتھ فیسٹیول آپ نوجوانوں کا ہے، آپ نوجونوں نے اپنا نام روشن کرنا ہے، آپ کا نام روشن ہو گا تو ملک کا نام روشن ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک نے بہت دکھ دیکھے ہیں، آپ طلبہ نے کسی چیز سے ہمت نہیں ہارنی، ملک کے حالات کو ہم بدلیں گے، تم سب بدلو گے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر خالد عراقی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ فیسٹیول میں دعوت پر آرٹس کونسل کا بےحد شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انور مقصود پاکستان کا بہت بڑا نام ہے۔ جب میں میٹرک میں زیر تعلیم تھا تب سے انور مقصود کو سنتا اور پڑھتا آ رہا ہوں۔

وائس چانسلر جامعہ کراچی کا کہنا تھا کہ ہم اکثر مشکلات سے ڈر جاتے ہیں جبکہ ہمیں ڈرنا نہیں چاہیے، جب آپ کچھ کرنے کی ٹھان لیں تو کر سکتے ہیں۔

آرٹس کونسل کراچی کے زیر اہتمام یوتھ فیسٹیول 2023 میں طالبہ ڈائنس آڈیشن دے رہی ہیں - فوٹو: آرٹس کونسل کراچی

واضح رہے کہ آرٹس کونسل کراچی میں جاری پاکستان یوتھ فیسٹیول کے افتتاحی روز 4 مختلف کیٹیگریز کے آڈیشنز منعقد کیے گئے جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔

آرٹس کونسل کراچی کے زیر اہتمام یوتھ فیسٹیول 2023 میں طالبہ گلوکاری کا آڈیشن دے رہی ہیں - فوٹو: آرٹس کونسل کراچی

بقیہ 6 کیٹیگریز کے مقابلے 28 تاریخ تک جاری رہیں گے جبکہ 29 تاریخ کو فیسٹیول کی اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔

آرٹس کونسل کراچی کے زیر اہتمام یوتھ فیسٹیول 2023 میں طالبات اداکاری کا آڈیشن دے رہی ہیں - فوٹو: آرٹس کونسل کراچی

افتتاحی تقریب میں معروف گلوکار عاصم اظہر، کشمیر بینڈ، جیمبروز، مصطفیٰ بلوچ نے اپنی پرفارمنس سے میلہ لوٹ لیا۔