یکساں نظام تعلیم کا نفاذ کیا جائے، سیمینار سے خطاب

January 26, 2023

پشاور (لیڈی رپورٹر )مملکت خداد پاکستان میں موجودہ طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ اور یکساں نظام تعلیم کا نفاذ انتہائی ضروری ہے، طلبہ حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی ناظم اعلی ایم ایس او پاکستان سردار مظہر، مرکزی ناظم مالیات برادر اعزاز الحق عباسی، صوبائی ناظم عمومی ایم ایس او خیبرپختونخواہ محبوب الحق، صوبائی ناظم تربیتی امور برادر محمد سلیم،و دیگر نے مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور کے زیر اہتمام پریس کلب پشاور میں منعقدہ ’ ’یوم تاسیس بعنوان: یکساں نظام تعلیم سیمینار‘‘ سے خطاب میں کیا ۔مقررین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک ایسا نظام ونصاب تعلیم رائج کیا جائے جو نظریہ پاکستان، جذبہ حب الوطنی، متوازن طرز حیات، اسلامی اقدار ومشرقی روایات سے مزین، کردار ساز طرز فکر پر مشتمل ہو۔ جس سے استفادہ کرکے آنے والی نسل پاکستان کو کٹھن حالات سے نکالیں، طلبہ کی شخصیت کو جامع شخصیت بننے میں مدد دے، طلبہ مذہبی اسلامی، سماجی اور معاشرتی طور پر بہترین فرد بن کر میدان عمل میں اتریں نہ کہ صرف ابن الوقت، مفاد پرست اور چند ٹکوں کے عوض اپنی شخصیت کو تباہ کر دینے والے بنے انہوں نے کہا کہ بنیادی تعلیم کا حصول ریاست کے ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور آئین پاکستان کی روشنی میں حکومت وقت ہر بچے کو بنیادی اور یکساں،مفت تعلیم دینے کی پابند ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم کو نافذ کیا جائے تاکہ غریب اور امیر کے بچے کے لیے یکساں مواقع میسر آسکیں انکا مزید کہنا تھا ایم۔ایس۔او پاکستان گزشتہ 21 سالوں سے طلبہ حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے اور طلبہ کے بنیادی حق ’’یکساں نظام تعلیم‘‘ کے نفاذ کے لیے مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے اپنا 22 واں یوم تاسیس ’’یکساں نظام تعلیم‘‘ کے عنوان سے منانے کا اعلان کیا ہے تاکہ سیمینارز اور دیگر پروگرامات کے ذریعے طلبہ کے اس حق کے لیے آواز بلند کی جاسکے۔ناظم اعلی ایم۔ایس۔او پاکستان کا کہنا تھا کے ایم ایس او سے وابسطہ ہر فرد یوم تاسیس کے موقع پر مبارکباد کا مستحق ہے۔ آج ہم نے یوم تاسیس موقع پر تجدید عہد کرنا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کی بقا اور سالمیت کے لیے نسل نو میں شعور بیدار کرنے کے لیے برسر پیکار رہیں گے اور جس مقصد کے لیے مملکت خداد پاکستان کا حصول ممکن ہوا اس کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔