افغانستان کا پولیو وائرس لاہور آگیا، انسداد پولیو مہم دوبارہ چلائی جائے گی

January 26, 2023

لاہور ریلوے اسٹیشن پر خاتون رضاکار بچی کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہی ہیں۔

لاہور میں افغانستان کا پولیو وائرس آگیا، انسداد پولیو مہم دوبارہ چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

پنجاب پولیو پروگرام نے ماحولیاتی نمونے کی تصدیق کے بعد بتایا کہ پولیو کا افغانستان ویریئنٹ لاہور کے سیوریج میں پایا گیا۔

صوبائی پولیو پروگرام کے مطابق آؤٹ فال روڈ سے لیے گئے ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

لاہور میں ماحولیاتی نمونے مثبت آنے پر دوبارہ پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،شہر کی 28 یوسیز میں آئندہ ماہ پولیو مہم چلائی جائے گی۔

پنجاب پولیو پروگرام کے مطابق ماحولیاتی نمونے مثبت آنے پر آبادیوں کی نقشہ بندی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

افغان پولیو وائرس رپورٹ ہونے پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔