فواد چوہدری کو دیر سے گرفتار کیا گیا، پرویز الٰہی کی آڈیو لیک

January 27, 2023



تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے بعد سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی آڈیو لیک ہوگئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔

آڈیو لیک میں سنا جاسکتا ہے کہ پرویز الٰہی نے کہا کہ فواد چوہدری کو دیر سے گرفتار کیا گیا۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ فواد چوہدری کو ایک مہینہ پہلے گرفتار کر لیتے تو اسمبلیاں نہ ٹوٹتیں۔

آڈیو میں فواد چوہدری کے لیے نازیبا الفاظ کا بھی استعمال کیا گیا۔

ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے مبینہ آڈیو میں فواد چوہدری کے لیے استعمال کیے جانے والے الفاظ کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیر یہ دو چوہدریوں کا آپس کا معاملہ ہے۔

اس کے علاوہ ق لیگ کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ میں نے بہت سمجھایا کہ ابھی کام کرنے دو مگر خان صاحب کے قریبی لوگوں نے پارٹی کی جڑیں کاٹیں۔

انہوں نے کہا کہ چار پانچ قریبی لوگوں میں سے ایک پکڑا گیا ہے، اگر وہ پہلے پکڑا جاتا تو کام ٹھیک ہی رہتا۔

بعد ازاں پرویز الٰہی نے اپنے بیان پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کی فیملی سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں۔