رکی پونٹنگ نے بابر اعظم کی تعریف میں ’بہت کچھ‘ کہہ دیا

January 27, 2023

فائل فوٹو

آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہان میں وہ صلاحیتیں ہیں جو ایک اچھے پلیئر کو عظیم پلیئر بناتی ہیں۔

رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ٹیکنیکلی ایک بہترین کرکٹر ہیں، وہ اسپن اور فاسٹ بولنگ کو بہترین کھیلتے ہیں اور ہر کنڈیشن میں ایڈجسٹ ہوجاتے ہیں۔

سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ بابر اعظم دیگر عظیم پلیئرز کی طرح کافی پختہ مزاج کے کھلاڑی ہیں، وہ ٹیسٹ فارمیٹ میں طویل اننگز کھیلتے اور ون ڈے میں اننگز پر حاوی رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق بابر اعظم کے رنز بنانے کی رفتار کو بدلنا بھی ان کی زبردست صلاحیت ہے۔

رکی پونٹنگ نے کہا کہ بابر اعظم کی بہترین کرکٹ کا سامنے آنا ابھی باقی ہے، اکثر بیٹسمین 30 سال کی عمر کے بعد ہی عروج حاصل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم میں مزید بہتری ہوگی، مجھے بابر کو بیٹنگ کرتا دیکھ کر کافی اچھا لگتا ہے، بابر کی کپتانی میں بھی وقت کے ساتھ بہتری آئے گی۔

رکی پونٹنگ نے کہا کہ تجربے کے ساتھ بابر اعظم کپتانی میں وہ مقام حاصل کرلیں گے جو بیٹنگ میں حاصل کیا۔

آسٹریلیا کے سابق کپتان نے مزید کہا کہ بابر اعظم کیریئر کے اختتام پر دنیا کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار ہوں گے۔