سندھ میں فلڈ ریلیف کے سرکاری کمبلوں کی آن لائن فروخت، سابق ایم پی اے کی ویڈیو وائرل

January 27, 2023

سندھ حکومت کی جانب سے فلڈ ریلیف کے کمبل مبینہ طور پر ملک بھر میں آن لائن فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

اس سلسلے میں لاہور سے سابق رکن پنجاب اسمبلی شمسہ علی نے آن لائن آرڈر جاری کرنے پر ڈیلیور کمبلوں کی ویڈیو بنا کر وائرل کی ہے۔

لاہور سے پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے خواتین کی مخصوص نشست پر 2018 میں پنجاب اسمبلی کی رکن بننے والی شمسہ علی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو ریلیز کی ہے۔

شمسہ علی جو سپریم کورٹ میں وکیل اور قانون دان بھی ہیں نے ویڈیو میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے چند روز قبل 2 کمبل آن لائن آرڈر کیے تھے۔

شمسہ علی نے ویڈیو میں کمبل آن لائن آرڈر کرنے کی رسید بھی دکھائی ہے۔

ویڈیو میں انہوں نے ڈیلیور کیے گئے کمبل بھی دکھائے جن میں سے ایک کمبل کا ٹیگ کاٹ کر غائب کیا جاچکا تھا جبکہ دوسرے کمبل کا ٹیگ موجود ہے جس پر سندھ حکومت کا مونوگرام اور فلڈ ریلیف تحریر ہے۔

پی ٹی آئی کی رکن صوبائی اسمبلی نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ کی مافیا مختلف ملکوں کی جانب سے عطیہ کیا گیا ریلیف کا سامان خرد برد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مافیا سردی کے موسم میں ریلیف کا ایک کمبل بھی غریب شہریوں تک پہنچنے نہیں دے رہا۔