سالانہ لائسنس تجدید میں تاخیر، 5 ایوی ایشن کمپنیوں کے فلائٹ آپریشن معطل

January 27, 2023

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی طرف سے سالانہ لائسنس کی تجدید میں تاخیر کی وجہ سے 5 ایوی ایشن کمپنیوں کے فلائٹ آپریشن معطل ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق کراچی کی ایک، لاہور کی 2، راولپنڈی اور پشاور کی1،1 کمپنی کا فلائٹ آپریشن بند ہوچکا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ فلائٹ آپریشن رکنے سے ایوی ایشن کمپنیوں کو نقصان ہو رہا ہے اور تربیتی پروازیں رک گئی ہیں۔

بلز میں کائیبور لگانے سے ایوی ایشن کمپنیوں کیلئے نئے مسائل بھی کھڑے ہوگئے۔

ترجمان سی اے اے کے مطابق لائسنس بحالی تک پانچوں کمپنیوں کے جہاز اڑان نہیں بھر سکتے۔

ترجمان نے کہا کہ ان کمپنیز کے لائسنس کی تجدید کا عمل جاری ہے، کائیبور چارجز پر بورڈ میٹنگ میں حتمی فیصلہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ کمپنیز کے لائسنس کی تجدیدکا عمل جاری ہے، تجدید کا عمل مکمل ہونے پر لائسنس جاری کر دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن کمپنیوں کی تجدید کا عمل نہ تاخیر کا شکار ہے نہ روکا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ کسی کمپنی کو کام کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی انٹر بینک آفرڈ ریٹس چارجز پر بورڈ میٹنگ میں حتمی فیصلہ ہوگا، انٹر بینک آفرڈ ریٹس سے متعلق گردش کرنے والی خبریں گمراہ کن ہیں۔