فواد چوہدری کے خلاف ایف آئی آر بالکل درست ہے، رانا ثناء اللّٰہ

January 27, 2023

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کے خلاف ایف آئی آر بالکل درست ہے، عمران خان کو گرفتار کرنے کا ارادہ نہیں لیکن ان کے بیانات سے تو لگتا ہے کہ انہیں ایک بار گرفتار ہو جانا چاہیے، تاکہ دیکھ ہی لیں کہ یہ کیا طوفان لانا چاہتے ہیں۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ کل پاکستان واپس جا رہا ہوں، آج نواز شریف سے میٹنگ ہے، ان سے ہدایات لے کر مریم نواز کا یکم فروری سے پنجاب اور کے پی کا دورہ شروع ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ فواد چوہدری کے خلاف ایف آئی آر سیکریٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر درج ہوئی، جو آدمی یہ کہہ رہا ہے کہ فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ سیاسی انتقام ہے اسے ایف آئی آر پڑھ لینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کےخلاف فواد چوہدری نے بات کی، جس پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لیا، اس وقت عمران نیازی کی گرفتاری کے حق میں نہیں، جس قسم کی عمران نیازی گفتگو کر رہے ہیں میرا ذہن بنتا ہے کہ انہیں گرفتار کرنا چاہیے۔