پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ’’پاکستان اسٹوڈنٹس پورٹل‘‘ کی لانچنگ تقریب

January 28, 2023

لندن( نمائندہ جنگ) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں’’پاکستان اسٹوڈنٹس پورٹل‘‘ کا سافٹ لانچ ہوا۔ برطانیہ کی مختلف یونیورسٹیز میں زیر تعلیم پاکستان نژاد طلبہ کی بڑی تعداد نے پورٹل کی لانچنگ میں شرکت کی ۔ یہ پلیٹ فارم پاکستان نژاد طلبہ کو ’’برٹش پاکستانی اسٹوڈنٹس اینڈ ینگ پروفیشنلز آرگنائزیشن‘‘ کی چھتری کے نیچے اکٹھا کرے گا جو انہیں مضبوط نیٹ ورکنگ اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرے گا۔طلبہ پورٹل کے ذریعے ہائی کمیشن میں اپنا اندراج کروا سکیں گے۔ ہائی کمشنر معظم احمد خان نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 100000 برٹش پاکستانی اورپاکستان سے آنے والےطلبہ سالانہ برطانیہ کی یونیورسٹیز میں داخلہ لیتے ہیں اور ان تک پہنچنا مشن کی ترجیح ہے۔ ہائی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ پورٹل نیٹ ورکنگ، معلومات کے تبادلے اور ملازمتوں اور انٹرن شپ کی تلاش کیلئے ایک موثر ذریعہ ثابت ہوگا۔ طلبہ نے ہائی کمیشن کے اقدام کو سراہا اور پورٹل پر رجسٹریشن کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جو فروری 2023 کے پہلے ہفتے میں براہ راست ہوگا۔