شام کے جہادی کیمپ سے15 خواتین اور 32 بچے بلا لئے ہیں، فرانسیسی وزارت خارجہ

January 28, 2023

پیرس (نیوز ڈیسک) فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ فرانس نے شمال مشرقی شام میں جہادی کیمپوں سے 15خواتین اور 3 2بچوں کو وطن واپس بلا لیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نابالغ بچوں کو متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں ان کی طبی اور سماجی نگرانی کی جائے گی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بالغ افراد کو عدالتی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔گذشتہ دہائی کے دوران یورپ سے ہزاروں شدت پسندوں نے شدت پسند تنظیم داعش کے جنگجو بننے کیلئے شام کا رخ کیا تھا۔ یہ جنگجو اپنے خاندانوں کے ہمراہ خود ساختہ ’خلافت‘ میں رہ رہے تھے۔ یہ خلافت عراق اور شام میں زیر قبضہ علاقے میں قائم تھی۔2019میں خلافت کے خاتمے کے بعد سے مارے یا ہلاک کئے گئے جنگجوؤں کے اہل خانہ کی واپسی یورپی ملکوں کیلئے ایک مشکل مسئلہ رہا ہے۔15خواتین اور 32بچوں کی واپسی کا اعلان منگل کو ہوا جو انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے دباؤ کی وجہ سے ہوا۔ یہ فرانس کی تیسرے بڑے پیمانے پر خواتین اور بچوں کی واپسی ہے، جن خواتین اور بچوں کی واپسی کا اعلان ہوا وہ شمال مشرقی شام کے روج کیمپ میں مقیم تھے۔ فرانسیسی حکام نے شمال مشرقی شام میں مقامی انتظامیہ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا جس کی وجہ سے یہ آپریشن ممکن ہوا۔