برطانیہ میں نئے کرائے داروں سے مانگا جانے والا کرایہ ریکارڈ بلند سطح پر

January 28, 2023

لندن (پی اے) پراپرٹی کی ایک ویب سائٹ کے مطابق لندن کو چھوڑ کر پورے برطانیہ میں نئے کرایہ داروں سے مانگا جانے والا اوسط ماہانہ کرایہ ریکارڈ 1172 پونڈ فی مہینہ ہو گیا۔ لندن کے اندرعام پرائیویٹ کرایہ بھی ریکارڈ 2480 پونڈ فی مہینہ کی بلندی پر پہنچ گیا۔ رائٹ موو کے تازہ ترین اعداد و شمار 2022 کی چوتھی سہ ماہی پر محیط ہیں۔ پراپرٹی ویب سائٹ نے مزید کہا کہ اندرون لندن اوسط مانگے جانے والے پہلی بار 3000 پونڈ فی مہینہ سے تجاوز کر گئے اور کرائے 3010 پونڈ مہینہ تک پہنچ گئے۔ ویب سائٹ نے کہا کہ ایسی علامات ہیں کہ کرائے پر دستیاب مکانوں کیلئے کرائے داروں کے درمیان مقابلہ کم ہونے لگا ہے کیونکہ خاصی تعداد میں اب کرائے کیلئے پراپرٹیز دستیاب ہیں۔ تاہم طلب اور رسد کے درمیان عدم توازن اب بھی بہت بڑا ہے۔ رائٹ موو نے کہا کہ دسمبر 2022 میں کرائے کیلئے دستیاب گھروں کی تعداد میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اسی عرصے کے دوران کرائے کی جائیدادوں کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے والوں کی تعداد 7 فیصد بڑھ گئی ہے۔ پراپرٹی ویب سائٹ نے پیش گوئی کی کہ برطانیہ بھر میں نئی دستیاب جائیدادوں کے لئے اوسطاً کرایہ مانگنے کی شرح 2023 میں مزید 5 فی صد بڑھ جائے گی تاوقتیکہ کرائے کیلئے دستیاب مکانوں کی تعداد میں مزید نمایاں اضافہ نہ ہو۔ ویب سائٹ کے مطابق ویلز اور ساؤتھ ویسٹ نے کرائے کیلئے دستیاب نئی پراپرٹیز میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ویب سائٹ نے یہ نتائج حاصل کرنے کیلئے رائٹ موو پر رجسٹر پراپرٹیز کے کرائے مانگنے کو استعمال کیا۔ رائٹ موو کے پراپرٹی سائنس کے ڈائریکٹر ٹم بینسٹر نے کہا کہ اگرچہ کرایہ داروں کے درمیان گھروں کی تلاش کا سخت مقابلہ کم ہونا شروع ہو رہا ہے لیکن اس کے باوجود یہ 2019 کی سطح سے دگنا ہے۔ ہر دستیاب پراپرٹی کیلئے دسیوں ممکنہ کرائے دار ہیں، لینڈ لارڈز کرائے داروں کو اپنے مقامی علاقے میں کرائے کے ایفورڈایبل ہونے کیلئے کسی بھی کرائے میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ کرایہ دار تیزی کے ساتھ گھروں کی تلاش کا سلسلہ جای رکھ سکیں اور ایسا نہ ہو کہ طلب کئے جانے والے اتنے زیادہ کرایوں کے نتیجے میں گھر خالی پڑے رہیں، جس کی ادائیگی کے کرائے دار متحمل نہ ہو سکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یوں دکھائی دیتا ہے کہ گھروں کو سیکیور کرنے کا سخت مقابلہ قدرے کم ہو جائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ ہم پیشگوئی کر رہے ہیں کہ قومی سطح پر سال کے آخر تک سالانہ گروتھ کی رفتار تقریباً 5 فی صد تک کم ہو جائے گی حالانکہ یہ اب بھی نمایاں طور پر 2 فیصد کی اوسط سے تجاوز کرے گی، جو ہم نے کوررونا وائرس کوویڈ 19 پیڈامک سے قبل پانچ برسوں کے دوران دیکھی تھی۔ ہیکنی اینڈ لی سٹیٹ کے ڈائریکٹر اور لیٹنگ ایجنٹس سائمن لی نے کہا کہ رینٹل مارکیٹ اب بھی خوشگوار ہے اور ہمارے ہوم اونرز کی اکثریت اب بھی اپنی جائیدادوں کیلئے ملٹی پل درخواستیں وصول کر رہی ہے۔ تجدید کے مرحلے پر کرائے میں اضافے پر غور کرتے وقت ہوم اونرز کیمحتاط اپروچ کی وجہ سے کرائے مستحکم رہے ہیں۔ وہ ایک چھوٹی سی خالی مدت کے بجائے اچھے کرایہ داروں کو برقرار رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں یا متعلقہ اخراجات برداشت کرتے ہیں۔ ڈگلس اینڈ گورڈن کے سیلز اینڈ لیٹنگز ڈائریکٹر جیمز ریڈنگٹن نے کہا کہ ہم نے کئی دہائیوں سے کرائے میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا ہے اور ہمیں امید نہیں ہے کہ یہ قلیل مدت میں سست ہو جائے گا۔