یوم یکجہتی کشمیر جذبے سے منایا جائے گا، حاجی قربان

January 28, 2023

لوٹن ( شہزاد علی ) میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ موومنٹ برطانیہ اور یورپ کے چیئرمین اور کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن کے کوآرڈینیٹر حاجی چوہدری محمد قربان نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بیان میں کہاکہ 1989 سے لے کر 2023 تک ہر سال 5 فروری کو پاکستانی عوام یوم یکجہتی کشمیر نئے جوش اور جذبے سے منا کر کشمیر کے محکوم اور مقہور عوام سے جس یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اس سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان کے لوگ حقیقی معنوں میں اپنے کشمیری بہن، بھائیوں اور ان کی جدوجہد کے پشتیبان ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان جو مسئلہ کشمیر کا فریق بھی ہے،نے ہمیشہ تحریک آزادی کشمیر کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوئی بھی سیاسی جماعت مسئلہ کشمیر پر غفلت کی مرتکب نہیں ہوسکتی،شہید کشمیر محمد مقبول بٹ کی عوامی جدوجہد سے کشمیر کا مسئلہ ایک نئے انداز میں اجاگر ہوا یہی وجہ ہے مقبول بٹ کا یوم شہادت ہو، افضل گورو کا یوم شہادت ہو یا 13جولائی یوم شہداء کشمیر کے علاوہ چند دیگر ایام کشمیری ہر مرتبہ نئے جوش و جذبے سے مناتے چلے آرہے ہیں اپنے محسنوں کے قومی دن منانا زندہ قوموں کا شیوہ رہا ہے۔عمران خان وزارت عظمیٰ کے عہدہ پر فائز ہوئے تو انہوں نے صحیح معنوں میں کشمیر کے سفیر کا کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ دیکھنایہ ہے کہ کشمیر میں حالات جس نہج پر پہنچ چکے ہیں ایک دن یوم یکجہتی یا یوم شہداء منانا کافی نہیں بلکہ سال کا ہر دن کشمیریوں سے یکجہتی کا متقاضی ہے۔