سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی دل خراش واقعہ، مذہبی جماعتوں کے تحت مظاہرے

January 28, 2023

کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر ) سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے، تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے دل خراش واقعے کے خلاف جمعہ کوملک گیر یوم احتجاج کیا گیا،کراچی کے تمام اضلاع میں مساجد کے باہر سو سے زائد مقامات پرمظاہرے کیے گئے جس میں عوام نے بڑی تعداد میں شریک ہو کر اس واقعے کے خلاف اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا،امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ نے مدینہ مسجد طارق روڈ پرمظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ استعماری قوتیں مسلسل اسلام کی تضحیک اور مقدس ہستیوں کی توہین کا ارتکاب کرکے مسلمانوں کی دل آزاری میں مصروف ہیں،سنی تحریک کے تحت جمعۃ المبارک کو یوم حرمت قرآن کریم کے طور پر منایا گیا، احتجاجی مظاہرے کئے گئے،کراچی سمیت ملک بھر کی مساجد میں علما نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی، ہالینڈ اور سوئیڈن کو عالمی دہشتگرد قرار دینے کی قرار داد منظور کی گئی،ثروت اعجاز قادری اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیا کہ اسلامی ممالک سوئیڈن اور ہالینڈ کی مصنوعات کا بائیکاٹ اور ان کے سفیروں کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک بدر کریں ،تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے احتجاجی مظا ہراہ اورلبیک تحفظ قرآن مارچ کا انعقاد کیا گیا ، کراچی پریس کلب پر لبیک تحفظ قرآن مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ٹی ایل پی کے امیر کراچی مفتی محمد قاسم فخری نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر شعائر اسلام کی توہین برداشت نہیں کرینگے ، ناظم اعلیٰ سندھ صوفی یحییٰ قادری ،نائب امیر کراچی مفتی عمر فاروق قادری نے بھی خطاب کیا۔ مارچ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ اقلیتی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی ۔جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے سوئیڈن و ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جامع میمن مسجد جوڑیا بازار میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مسلمان کیلئے انتہائی مقدس ہے اس کی توہین پر امت مسلمہ میں شدید اضطراب اور غم و غصہ ہے، جما عت اہلسنّت کی اپیل پر جمعہ کے اجتماعات میں علماء کرام اور خطباء نے مساجد میں عظمت ِ قرآن پر بیانات کئے اور گستاخی کے خلاف مذمتی قرار دادیں منظور کرائیں، متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔