الیکشن کمیشن روکے گئے یوسیز کے نتائج فوری جاری کرے، سعید غنی

January 28, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بہت اچھے انداز میں کام کررہا ہےلیکن جماعت اسلامی کے دبائو پر وہ اپنے آپ کو متنازع نہ بنائے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے جن یوسیز کے نتائج روکے ہیں انہیں فوری جاری کیا جائے اس وقت جن یوسیز پر انتخابات مکمل ہو چکے ہیں اس پر مخصوص نشستوں کا اعلان کیا جائے، سانحہ کیماڑی میں ملوث فیکٹریاں غیر قانونی ، محکمہ محنت میں رجسٹرڈ نہیں ہیں، ایسی تمام فیکٹریاں سیل کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے محکمہ صحت و دیگر ادارے ہلاکتوں اور متاثرین کے حوالے سے رپورٹ مرتب کررہے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، سعید غنی نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے 15جنوری جیسے پرامن الیکشن کا انعقاد ممکن بنایا اور یہ ایسے انتخابات تھے جو میں نے اپنی زندگی میں نہیں دیکھے، الیکشن کمیشن انتخابات قانون کے مطابق کروانے کے بعد شکایات بھی قانون کے مطابق سنے اور فیصلہ کرے۔