غیر قانونی تعمیرات، درخواست گزار کے وکیل سے جواب الجواب طلب

January 28, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے گولڈن ٹاؤن کورنگی میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف درخواست پر ایس بی سی اے کورنگی کے جواب پر درخواست گزار کے وکیل سے جواب الجواب طلب کرلیا، ایس بی سی اے کورنگی کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ گراؤنڈ پلس ون غیر قانونی تعمیرات ہیں، ایس بی سی اے سے اجازت نہیں لی گئی، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی جائے گی،لیکن کئی خطوط کے باجود ضلعی انتظامیہ تعاون نہیں کررہی ہے،دریں اثنا مذکورہ بنچ نے،سی ون رضویہ سوسائٹی ناظم آباد میں گراؤنڈ پلس فور کے بجائے 6 منزلہ عمارت بنانے کیخلاف درخواست پر عمارت کی انسپکشن کرنے کا حکم دے دیا،بلڈر کے وکیل نے موقف دیا کہ 6 سو گز کے پلاٹ کو 2 حصوں میں تقسیم ، 3 سو گز کے کمرشل حصے پر اجازت کے بعد گراؤنڈ پلس 6 منزلہ عمارت بنائی گئی ہے، عدالت نے ناظر سندھ ہائیکورٹ کو عمارت کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔