مریم نواز کا پاکستان پہنچتے ہی بھاری اکثریت سے کامیابی کا دعویٰ

January 28, 2023

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے پاکستان پہنچتے ساتھ ہی الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی کا دعویٰ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے انتقام نہیں لیا، سازشی اللّٰہ کے حساب کتاب کا نشانہ بن گئے۔

لندن سے وطن واپسی پر لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت بھی خود توڑی اور رو بھی خود رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان رونے کی تیاری کرلو، اب باقی زندگی بھی رونا پڑے گا، ن لیگ بھاری اکثریت سے الیکشن جیتے گی۔

ن لیگی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ 28 جولائی 2017ء کو نواز شریف کو اقامے پر نکالا جانا سانحہ تھا، وہ دن ہے اور آج کا دن ہے پاکستان سنبھلنے میں نہیں آرہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوچھتی ہوں کیا نواز شریف کے خلاف سازشیں کرنے والے سارے کردار اپنے انجام کو پہنچے یا نہیں؟

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف، مریم نواز اور شہباز شریف نے تم سے انتقام نہیں لیا، تم اللّٰہ کے حساب کتاب کا نشانہ بنے ہو۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کی وجہ سے ان کا گلہ خراب ہے، عمران حکومت کو پتا تھا ان کی سرجری دنیا کے صرف 2 ملکوں میں ہوتی ہے مگر انہیں پاسپورٹ نہیں دیا گیا۔

ن لیگی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ کچھ وقت لگے گا، اسحاق ڈار پر یقین رکھیں وہ معیشت کو سنبھالیں گے۔

مریم نواز نے اعلان کیا کہ وہ یکم فروری 2023ء سے پنجاب کے ہر ضلع کا دورہ کریں گی ،جن لوگوں نے پارٹی میں وقت گزارا اور حلقے، عوام میں اتنی ہی پذیرائی ہے ان کو فوقیت ملنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے پارٹی کے ساتھ وفا کی ان کو فوقیت ملے گی، پارٹی کے ٹکٹس میرٹ پر دیں گے۔

ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ 3 سال کے بعد اپنے والد سے ملی تھی، کبھی اتنا عرصہ ان سے دور نہیں رہی، اکتوبر کو پاکستان سے روانہ ہوئی تھی، اپنے والد کے ساتھ وقت گزارا۔

انہوں نے کہا کہ ان 4 ماہ میں اپنے والد سے سیکھنے کا موقع ملا، ن لیگی قائد کے حوصلے بلند ہیں، وہ بہت جلد پاکستان واپس آئیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کی حتمی تاریخ اس وقت نہیں دے سکتی، وہ تب ہی دی جاسکے گی جب واپسی کا ٹکٹ بک ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پارٹی کو کئی دہائیوں سے چلایا، جوڑ کر رکھا، وہ کامیاب رہے مجھے دوبارہ نئے سرے سے نہیں کرنا پڑے گا۔

ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ ن لیگ متحد ہے، مقامی سطح پر جو اختلافات ہیں وہ ہوتے رہتے ہیں، ہر پارٹی میں مقامی سطح پر اختلافات ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی پارٹی کے ساتھ وفاداری 3 دہائیوں سے ہے، میں نے اُن کا ٹی وی انٹرویو دیکھا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے کہہ دیا کہ وہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے، گھر جانا پڑا تو گھر جائیں گے، میرا نہیں خیال کہ گروپ بندی کی بات شاہد خاقان کے ذہن سے بھی گزری ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ خود اپنی حکومت توڑنے والا اب رو رہا ہے، وعدہ کرتی ہوں ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھوں گی۔

ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ آپ سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ نئی ذمہ داریوں کے لیے مجھ پر اعتماد کیا، شاندار استقبال پر میں آپ سب کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں، میں وعدہ کرتی ہوں کہ ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے اور میرے محبوب قائد نواز شریف جلد آپ کے درمیان ہوں گے، نواز شریف کو 3 بار اللّٰہ نے حکومت دی، انہوں نے تینوں بار نکالا۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ ان لوگوں نے نواز شریف کو 2 بار ملک سے نکالا، ن لیگی قائد آج بھی ملک کا سب سے مقبول لیڈر ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب نواز شریف کی قیادت میں ملک ایک بار پھر آگے بڑھے گا، کچھ وقت لگے گا، اسحاق ڈار پر یقین رکھو، انشاءاللّٰہ معیشت کو سنبھالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چند دن پہلے تک پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں اس کی حکومت تھی، خود ہی اپنی حکومت توڑ کر اب وہ رو رہا ہے۔

ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج بھی اس کی حکومت ہے اور الزام ن لیگ کو دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ بے وقوف نہیں، ن لیگ اور میرے شیر الیکشن سے نہیں ڈرتے، جس دن الیکشن ہوں گے مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے جیتے گی۔