جے جے وی ایل کرپشن ریفرنس، ڈاکٹر عاصم کی بریت کیلئے درخواست دائر

January 29, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت میں جے جے وی ایل کے 17 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم حسین کی بریت کی درخواست دائر کردی گئی۔ احتساب عدالت کے انچارج جج سریش کمار نے سماعت کی۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے روبرو سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف جے جے وی ایل میں 17 ارب کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر عاصم و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈاکٹر عاصم و دیگر ملزمان نے ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کردی۔ ملزمان کے وکلا آئندہ سماعت پر بریت کی درخواست پر دلائل دیں گے۔ عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔ سابق وفاقی مشیر ڈاکٹرعاصم حسین نے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ ملک بہت ہی سخت حالات کی طرف جا رہا ہےہم نے ٹھیک اقدامات نہ کیے تو حالات سنگین ہیں۔ اب وہ وقت آگیا ہے کہ فیصلے لیے جائیں۔ ہمیں اپنے اخراجات کم کرنے ہوں گے۔ معاملہ منی بجٹ سے حل نہیں ہوگا۔ عوام کو سمجھنا پڑے گا کس مشکل کا سامنا کر رہے ہیں۔